پولیوکے مکمل خاتمے کیلیے ایکشن پلان تیار کرلیا صدر زرداری

حکومت کے ساتھ تمام سیاسی،مذہبی اورسماجی قوتوں کوبھی اپناکرداراداکرناہوگا


Staff Reporter December 16, 2012
حکومت کے ساتھ تمام سیاسی،مذہبی اورسماجی قوتوں کوبھی اپناکرداراداکرناہوگا۔ فوٹو: فائل

صدرزرداری نے کہاہے کہ 2013میں پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ تمام سیاسی،مذہبی اورسماجی قوتوںکوبھی اپناکرداراداکرناہوگا۔

یہ بات انھوں نے صدارتی کیمپ آفس بلاول ہائوس کراچی میں یونسیف، عالمی ادارہ صحت اور دیگر تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل وفد سے ملاقات میں کہی۔اس موقع پر صدر کوپاکستان میں پولیوکے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اوربتایاگیاکہ گذشتہ برس کی نسبت رواں سال پاکستان میں پولیوکے کیسز کم رپورٹ ہوئے ہیں اور اس مرض کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں، جس میں پولیو کے خاتمے کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیموںکا کردار اہم ہے۔

وفد سے بات چیت میں صدر نے کہاکہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،پولیو کے خاتمے کیلیے وفاقی سطح پرایک ایکشن پلان تیارکیاگیاہے،اس پلان کے تحت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

07

صدر نے ہدایت کی کہ پولیو کے خاتمے کے لیے چلائی جانے والی مہم کی نگرانی اور سیاسی و مذہبی اور سماجی قوتوں سے رابطے کے حوالے سے ایک کمیٹی قائم کی جائے، جس میں وفاقی، چاروں صوبائی حکومتوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی حکومتوں کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ پولیو کے خاتمے کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیموں، علمائے کرام اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کیا جائے۔

آصف علی زرداری دوران اجلاس جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ پولیو کے خاتمے کے لیے چلائی جانے والی مہم میں وہ تعاون کریں۔ مولانا فضل الرحمٰن نے صدر زرداری کو یقین دلایا کہ وہ اس حوالے سے بھرپور تعاون کریں گے۔صدراپنے حالیہ دورہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوںکے اجلاس کی صدارت کریںگے،وہ کراچی کی بزنس کمیونیٹی سے بھی ملاقات کریںگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں