سی پیک کو دھچکا پہنچا تو ذمہ دار دھرنا گروپ ہوگا شہبازشریف

دھرنے اور شہروں كو بند كرنے كا اعلان ملك كی ترقی اور عوام كی خوشحالی كو روكنے كے مترادف ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

دھرنے اور شہروں كو بند كرنے كا اعلان ملك كی ترقی اور عوام كی خوشحالی كو روكنے كے مترادف ہے، وزیراعلیٰ پنجاب، فوٹو؛ فائل

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے دھرنے اور شہروں كو بند كرنے كا اعلان درحقیقت ملك كی ترقی اور عوام كی خوشحالی كو روكنے كے مترادف ہے لہٰذا سی پیک کو دھچکا پہنچا تو ذمہ دار دھرنا گروپ ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے بیان میں كہا كہ پاكستان كے عوام ترقی، خوشحالی اور امن چاہتے ہیں، منفی سیاست كے علمبرداروں كو ملك و قوم كی خاطر ہوش كے ناخن لینے چاہئیں، انتشار، افراتفری اور دھرنے دینے والوں كو عوام كے مسائل سے كوئی سروكار نہیں اور یہ سیاسی عناصر صرف ذاتی ایجنڈے كی تكمیل چاہتے ہیں، یہی وجہ ہے كہ ان سیاسی عناصر نے ذاتی مفادات كی خاطر قومی مفادات كو بالائے طاق ركھ دیا ہے، آج ایك طرف پاكستان كا ازلی دشمن لائن آف كنٹرول اور وركنگ باؤنڈری كی خلاف ورزی كررہا ہے تو دوسری طرف ناعاقبت اندیش سیاسی عناصر اسلام آباد بند كرنے كی دھمكی دے كر ملك سے دشمنی كر رہے ہیں اور موجودہ نازك حالات میں قوم كو تقسیم كرنے كی ناپاك كوشش كی جا رہی ہے۔


وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دھرنے اور شہروں كو بند كرنے كا اعلان درحقیقت ملك كی ترقی اور عوام كی خوشحالی كو روكنے كے مترادف ہے، انتشار اور منفی سیاست سے ملك آگے نہیں بلكہ پیچھے چلا جاتا ہے، اسلام آباد بند كرنے كی دھمكیاں دینے والے ملك میں تیز رفتار ترقی سے خائف ہیں اور ذاتی ایجنڈے كی تكمیل كی خاطر ملك كو تباہی كی بھینٹ چڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے كہا كہ شكست خوردہ عناصر آج اپنی منفی سیاست كی بنا پر سیاسی میدان میں تنہا كھڑے ہیں اوران لوگوں نے گزشتہ ساڑھے 3 برس كے دوران منفی اور الزامات كی سیاست كے علاوہ كچھ نہیں كیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملك بھر میں اربوں روپے كے ترقیاتی منصوبوں كو تیزی سے پایہ تكمیل تك پہنچایا جا رہا ہے، عوام كی فلاح كے منصوبوں كی تیزرفتار اورشفاف تكمیل پر شكست خوردہ عناصر كو تكلیف ہے اوراگر سی پیك اورترقیاتی منصوبوں كو دھچكا لگا تو ذمہ دار دھرنا گروپ ہوگا، اس لیے اسلام آباد كو بند كرنے والوں كو ہوش كے ناخن لینے چاہئیں۔
Load Next Story