کراچی میں فائرنگ متحدہ کا کا رکن اور پولیس افسرہلاک 11 زخمی

3 لاشیں برآمد،2لاشیں سی آئی ڈی کے مغوی اہلکاروں کی ہیں ، لیاری گینگ پر شبہ ہے، راجا خطاب


Staff Reporter December 16, 2012
نشتر روڈ، شیر شاہ، شارع نور جہاں، لانڈھی، نارتھ کراچی ،کیماڑی ، نمائش سے زخمی اسپتال لائے گئے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں پولیس افسر اور متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی کارکن جاں بحق اور11 افراد زخمی ہو گئے۔

شہر کے مختلف علاقوں سے سی آئی ڈی کے2 اہلکاروں سمیت 3 افراد کی لاشیں ملیں جس میں سے 2 بوری بند تھیں ۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے داتا نگر کالی پہاڑی گلی نمبر 12 موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 32 سالہ انور ولد اختر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی (ایم او سی) کا کارکن تھا اور سردی کی وجہ سے اپنے گھر کے باہر لکڑیوں میں آگ جلا کر بیٹھا ہوا تھا کہ ملزمان کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا۔

مقتول کو جسم پر 3 گولیاں لگی تھیں مقتول کا آبائی تعلق کشمیر سے تھا ، ضابطے کی کارروائی کے لیے اورنگی ٹاؤن تھانے کا اے ایس آئی محسن اور ہیڈ کانسٹیبل رضوان موٹر سائیکل پر عباسی شہید اسپتال جا رہے تھے کہ بنارس پل پر موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پولیس افسر محسن سینے پر گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ رضوان زخمی ہوگیا جنھیں عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔ ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول سے فائر کی گئی گولیوں کے خالی خول ملے ہیں جنھیں پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ۔ گارڈن کے علاقے لیاری مرزا آدم خان روڈ کشتی مسجد کے قریب کچرا کنڈی میں جلتے ہوئے کچرے کے درمیان پڑی بوری بند لاش کی اطلاع پر پولیس پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پولیس کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچایا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت پولیس کانسٹیبل28 سالہ چوہدری خرم کے نام سے اس کے والد انسپکٹر چوہدری منظور نے کر لی۔ ماری پور کے علاقے اسپارکو روڈ واقع گودام کے قریب سے24 سالہ شخص کی آنکھوں پر پٹی بندھی لاش ملی جس کی شناخت کانسٹیبل سہیل ولد یوسف کے نام سے کر لی گئی۔ ہلاک ہونے والا پولیس اہلکار خرم سی آئی ڈی انویسٹی گیشن میں انسپکٹر خرم ہاشمی کی پولیس پارٹی میں تھا جبکہ پولیس اہلکار سہیل سی آئی ڈی آپریشن میں سب انسپکٹر فاروق ستی کی پارٹی میں تھا اور دونوں موچکو پولیس لائن کے رہائشیاور بچپن کے دوست تھے۔

16

مقتول سہیل کی لاش کے قریب سے اس کی موٹر سائیکل بھی مل گئی ، سہیل کو سر پر ایک گولی ماری گئی جبکہ خرم کے ہاتھ پاؤں رسی سے اور آنکھوں پر پٹی باندھ کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر پر2 گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ، مقتول خرم کے والد انسپکٹر منظور سعید آباد تھانے میں انویسٹی گیشن انچارج ہیں ۔ مقتول سہیل کی 3 ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ایس ایس پی سی آئی ڈی راجہ عمر خطاب نے ایکسپریس کو بتایا کہ شبہ ہے کہ مقتولین کو لیاری گینگ وار کے ملزمان نے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سے اغوا کیا ہو گا، مقتول خرم ملزمان کا اصل ٹارگٹ ہوگا اسے لیاری لانے کے بعد اس سے معلومات حاصل کر کے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔

واضح رہے کہ ایس پی سی آئی ڈی چوہدری محمد اسلم کی سربراہی میں لیاری گینگ وار کے ملزمان کے خلاف کارروائی کی گئی تھی تاہم وہ ایک ہفتے تک چیل چوک تک محدود رہے اور اس دوران گینگ وار کے ملزمان کی فائرنگ سے ایس ایچ او سول لائن فواد سمیت متعدد پولیس اہلکار اپنی زندگی گنوا بیٹھے تھے۔ نیپئر تھانے کی حدود لیاری فقیر محمد درا خان روڈ کشتی چوک کے قریب بوری بند لاشملی ہے پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی اور نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔ سولجر بازار کے علاقے گارڈن نشتر روڈ نفیس سوئٹ شاپ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے28 سالہ راشد ولد عبد الرحمٰن زخمی ہو گیا ۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا۔ سائٹ بی تھانے کی حدود شیر شاہ پراچہ کمپنی کے قریب فائرنگ سے 30سالہ محمد فرید ولد شاہنواز بلوچ زخمی ہوگیا،شارع نور جہاں کے علاقے شپ اونرز کالج کے قریب فائرنگ سے30سالہ محمد نوید ولد محمد رسول زخمی ہو گیا، خواجہ اجمیر نگری کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر5C/4 روٹ نمبرW-22منی بس کے اسٹاپ کے قریب فائرنگ سے45 سالہ بشیر احمد ولد تاج الدین زخمی ہو گیا ۔زخمیوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔ لانڈھی مجید کالونی میں پیٹرول پمپ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ناصر زخمی ہو گیا اور الفلاح کے علاقے ملیر میں فائرنگ سے ریاض ولد امداد زخمی ہو گیا جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا ۔

کھوکھرا پار اسٹاپ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ شاہد سر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں جناح اسپتال لایا گیا جبکہ اسی علاقے میں جھگڑے کے دوران کی جانے والی فائرنگ سے طیب نامی شخص زخمی ہوگیا ۔جیکسن کے علاقے کیماڑی مسان چوک کے قریب شادی کی تقریب میں کی جانے والی فائرنگ سے 28 سالہ لال زادہ زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے نجی اسپتال لیجایا گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں