کالے دھن کی معلومات کے تبادلے کا خود کارنظام اپنانے کا فیصلہ

اسحق ڈارکی ہدایت پرایف بی آرنے پائلٹ پروجیکٹ پرعمل درآمدکے لیے اعلیٰ سطح کی 9 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی

آزمائشی کامیابی کے بعدسسٹم کوآپریشنل، او ای سی ڈی کے تمام رکن ممالک کے ساتھ الیکٹرانیکلی لنک قائم کیا جائے گا، دستاویز فوٹو: فائل

KARACHI:
وفاقی حکومت نے ٹیکس چوری اورکالادھن بیرون ممالک لے جانے والے پاکستانیوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کا خود کا نظام متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

دستاویزکے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی ہدایت پر چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے معلومات کے تبادلے کے خودکار نظام کے پائلٹ پروجیکٹ پر عملدرآمد کے لیے 9 ارکان پر مشتمل اعلی سطح کی خصوصی ٹیم قائم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ مذکورہ ٹیم ایف بی آر، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، ایس ای سی پی اور او ای سی ڈی کے نمائندوں پر مشتمل ہے۔


دستاویز کے مطابق مذکورہ ٹیم کے لیے اسٹیٹ بینک، ایس ای سی پی اور او ای سی ڈی کی جانب سے نام بھجوائے گئے ہیں جنہیں یہ ٹاسک سونپا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے او ای سی ڈی کے ساتھ کیے جانے والے معاہدے کے تحت پاکستان اور ای سی ڈی کے ممبر ممالک کے درمیان آٹومیٹک ایکسچینج آف انفارمیشن (اے ای او آئی)کے پائلٹ پروجیکٹ پر عملدرآمد کروائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد یہ سسٹم مکمل طور پر آپریشنل بنایا جائے گا اور پاکستان کی جانب سے تمام او ای سی ڈی ممبر ممالک کے ساتھ الیکٹرانیکلی لنک قائم کرے گا جس کے ذریعے پاکستان ان تمام ممالک کی مجاز اتھارٹیز سے پاکستانیوں کے بیرون ملک اثاثہ جات اور ٹیکس سے متعلقہ معلومات حاصل کرسکے گا۔

دستاویز کے مطابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے قائم کی جانے والی 9 رکنی ٹیم کے سربراہ ایف بی آر کے چیف بین الاقوامی ٹیکسز محمد اقبال ہوں گے جبکہ ٹیم کے دیگر ممبران میں چیئرمین ایف بی آر کے اسپیشل اسسٹنٹ ملک امجد زبیر ٹوانہ، ایف بی آر کی سیکریٹری ای او آئی رابعہ یاسر درانی، ایف بی آر کے سیکریٹری ٹی ٹی اینڈ سی فدا محمد، سینئر مینجر پرال عابد نعیم، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ندیم اختر شیرازی، ڈائریکٹر سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان خالدہ حبیب، او ای سی ڈی کی ٹیکس پالیسی اینالسٹ کلین اونوسکو اور ایچ ایم آر سی کے سینئر آفیشل جون سویدیو شامل ہیں۔
Load Next Story