دہشتگردوں کے علاج میں سہولت کا کیس ڈاکٹرعاصم انیس قائمخانی اور رؤف صدیقی کی ضمانت منظور

عدالت نے تمام افراد کے بغیر اجازت بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی۔


ویب ڈیسک November 01, 2016
عدالت نے تمام افراد کے بغیر اجازت بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی۔ فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD: سندھ ہائیكورٹ نے دہشت گردوں كو علاج معالجے كی سہولتیں فراہم كرنے كے الزامات پر ڈاكٹر عاصم، انیس قائم خانی اور رؤف صدیقی سمیت دیگر کی ضمانتیں منظور کرلی جب کہ تمام افراد کے بغیر اجازت بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عبدالمالك گدی پر مشتمل دو ركنی بینچ نے ایك مختصر فیصلے كے تحت دہشت گردوں كو علاج معالجے كی سہولتیں فراہم كرنے كے الزامات پر مبنی مقدمے میں پاكستان پیپلزپارٹی كے رہنما اور سابق صدر آصف زرداری كے دست راست ڈاكٹر عاصم، پاك سرزمین پارٹی كے صدر انیس قائم خانی، متحدہ پاكستان كے رؤف صدیقی اور پاسبان كے عثمان معظم كی 5/5لاكھ روپے مچلكوں كے عوض رہائی كے لیے درخواستیں منظور كرتے ہوئے انہیں پاسپورٹ ٹرائل كورٹ كے پاس جمع كرانے كا حكم دیا ہے اور ٹرائل كورٹ كی اجازت كے بغیر بیرون سفر پر پابندی عائد كی ہے۔

فاضل بینچ نے آبزرو كیا كہ انسداد دہشت گردی ایكٹ كے تحت مقدمات كی سماعت 7یوم میں مكمل ہونا چاہیے تاہم وكلا نے بتایا ہے كہ اس مقدمے میں ابھی فرد جرم بھی عائد نہیں ہوسكی ہے اس لیے ماتحت عدالت كو ہدایت كی جاتی ہے كہ دو ماہ یا اس سے پہلے اس مقدمے كا فیصلہ كردیا جائے۔ ملزمان كی پیروی لطیف كھوسہ، انور منصور خان، الیاس خان، شوكت حیات، محمد فاروق ایڈووكیٹس جب كہ سركار كی جانب سے ساجد محبوب اور ایاز تونیو عدالت میں پیش ہوئے۔ ان درخواستوں كی سماعت طویل عرصے سے سندھ ہائیكورٹ میں زیر سماعت تھی تاہم مختلف ججوں كی جانب سے سماعت سے انكار كے باعث كارروائی نہ ہوسكی۔

چیف جسٹس سندھ ہائیكورٹ نے مذكورہ بالا بینچ كے روبرو درخواست پیش كرنے كی ہدایت كرتے ہوئے تاریخ بھی مقرر كردی تھی اور فاضل بینچ نے ایك ہی سماعت میں فریقین كے وكلا كے دلائل سننے كے بعد فیصلہ سنادیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں