بھارت سے مذاکرات میں بلوچستان میں بھارتی مداخلت کا مسئلہ اٹھایا رحمان ملک

بھارت سے اسلحے کی ترسیل کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی اور بلوچستان کا مسئلہ بھی زیر غور آیا، رحمان ملک

رحمان ملک نے کہا کہ نئے ویزہ معاہدہ سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہو گا۔ فوٹو: پی آئی ڈی/ فائل

وزیر داخلہ رحمان ملک نےکہا ہے کہ دورہ بھارت میں مذاکرات کے دوران بھارت سے اسلحے کی ترسیل اور بلوچستان میں بھارت کی مداخلت کے مسائل اٹھائے۔

بھارت سے وطن واپسی پر راولپنڈی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ لیڈر شپ نے جو ایجنڈا دیا بھارتی حکام سے اسی پر مذاکرات ہوئے، انہوں نے کہا کہ بھارت سے اسلحے کی ترسیل کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی اور بلوچستان کا مسئلہ بھی زیر غور آیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں بھارت سے فون پر ہدایات دی جاتی ہیں اور اس حوالے سے جو بھی شواہد موجود ہیں وہ بھارت بھجوائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت پر عمل کے لئے ٹاسک فورس بنانے کی تجویز بھی دی ہے۔


رحمان ملک نے کہا کہ نئے ویزہ معاہدہ سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہو گا، بھارت نے دسمبر میں ہونے والی پاک بھارت سیریز کے لئے پاکستانی شائیقین کے لئے 3 ہزار ویزے مقرر کئے تھے، میری درخواست پر بھارتی حکومت نے ویزوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے اس کے علاوہ واہگھ بارڈر پر بھی ویزہ حصول کے لئے اسٹاف بڑھا دیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے ممبئی حملوں کی تحقیقات میں بھارت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور کامن ویلتھ گیمز میں بھی سیکیورٹی کے حوالے سے بھارت کی مدد کی۔ بھارت نے حافظ سعید کے خلاف شواہد نہیں دئیے، اگر بھارت حافظ سعید کے بارے میں ثبوت فراہم کرے گا تو کارروائی ضرور کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائیاں ممالک کے درمیان دوریاں پیدا کرتی ہیں اور پاکستان بھارت کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہو گا۔

گزشتہ روز پشاور ائیر پورٹ پر ہوئے حملے کے حوالے سے رحمان ملک نے کہا کہ 12 دسمبر کو خیبر پختونخوا حکومت کو حملے کا الرٹ بھیجا تھا، اطلاعات پر ائیرپورٹ کے سیکیورٹی عملے نے حملہ ناکام بنا دیا۔

Recommended Stories

Load Next Story