صدر آصف علی زرداری نے کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کے دائرے کو مزید وسیع کیا جائے ۔
بلاول ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان اور وزیراعلٰی سید قائم علی شاہ نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورت حال اورایم کیوایم،پیپلز پارٹی اتحاد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے فلسفے اور نظریے پر عمل جاری رکھیں گے۔ آئندہ عام انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے ارکان اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی قوت ہے اور آئندہ انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی ہی کامیاب ہوگی۔