گڈانی شپ بریکنگ یارڈ دھماکا جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی

وزیراعظم نوازشریف نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے

زخمیوں میں سے 24 افراد بری طرح جھلسے ہوئے ہیں جنہیں سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا ہے، ایدھی فوٹو: اے ایف پی

گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں کھڑے جہاز کے آئل ٹینک میں دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی جب کہ متعدد افراد زخمی ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ روز کراچی کے قریب بلوچستان کی بندرگاہ گڈانی کے شپ بریکنگ یارڈ میں کھڑے جہاز کے آئل ٹینک میں دھماکے کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 18 ہوگئی ہے جب کہ 70 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔

ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 24 افراد بری طرح جھلسے ہوئے ہیں جنہیں سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا ہے اور دیگر زخمیوں کو فوری طور پر حب منتقل کیا گیا جب کہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں ابھی بھی امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور جہاز میں لگی آگ بجھانے کی بھی بھرپورکوششیں جاری ہیں تاہم آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث فائربریگیڈ حکام کو کام کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔


دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف نے گڈانی شپ یارڈ سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جب کہ سانحہ گڈانی کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں کھڑے جہاز کے آئل ٹینکر میں اس وقت دھماکا ہوگیا جب وہاں بڑی تعداد میں لوگ جہاز توڑنے میں مصروف تھے، دھماکا اس قدرشدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی، جس نے جہاز پر موجود لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

Load Next Story