وزیراعظم نااہلی ریفرنسز الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے تک کارروائی روک دی

عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف 3 ریفرنسز خارج جب کہ کیپٹن (ر)صفدر کے خلاف ریفرنس پر کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن نے فیصلہ فریقین سے مشاورت کے بعد کیا فوٹو: فائل

KARACHI:
الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی سے متعلق ریفرنسز کی سماعت سپریم کورٹ کے فیصلے تک روک دی ہے۔

الیکشن کمیشن میں وزیر اعظم نواز شریف، ان کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، عمران خان، جہانگیر ترین اور لیاقت تراکئی کی نااہلی سے متعلق مختلف ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔ عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے ریفرنسوں کی سماعت کے موقع پر ان کے وکیل حامد خان نے موقف اختیار کیا کہ آج ان کے موکلین کے خلاف پٹیشنر خود پیش نہیں ہوئے، اس لئے ریفرنس کو مسترد کیا جائے، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ بال ہماری کورٹ میں آگئی ہے، فیصلہ ہمیں کرنا ہے، عمران خان اور جہانگیر ترین کی حاضری ضروری ہے، دونوں کو نوٹس جاری کر رہے ہیں، کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی سے متعلق 3 درخواستیں عدم پیروی پرخارج کردیں جب کہ اسپیکر کی جانب سے بھجوائے گئے ریفرنسز پر 16 نومبر تک جواب طلب کرلیا ہے۔

وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے 4 ریفرنسوں کی سماعت پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ یہی کیس سپریم کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے، کیوں نہ عدالت کے فیصلے تک سماعت روکی جائے، جس پر وزیراعظم کے وکیل سلمان بٹ نے سماعت روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ماضی میں نواز شریف اور بینظیر بھٹو کے کیسز میں سپریم کورٹ میں سماعت کے باعث ہائی کورٹ بھی سماعت روک چکی ہے، پیپلز پارٹی کے لطیف کھوسہ نے موقف اختیار کیا کہ ہم سپریم کورٹ میں فریق نہیں، عدالت نے الیکشن کمیشن کو سماعت سے نہیں روکا، الیکشن کمیشن اللہ اور عوام کے سوا کسی کے ماتحت نہیں ہے، وہی اہلیت کا فیصلہ کرنے والا مناسب فورم ہے۔ حامد خان نے بھی لطیف کھوسہ کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں سماعت کے باوجود الیکشن کمیشن سماعت کا اختیار رکھتا ہے، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو کارروائی روکنے کا حکم نہیں دیا۔


اس خبر کو بھی پڑھیں : نواز شریف پاناما معاملے میں پھنس گئے ہیں

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ لوگ پارٹیز میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں اور ہم معاملے میں، ہمارے فیصلے تو ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیئے جاتے ہیں، ایک مثال تو سول جج کی بھی ہے۔ الیکشن کمیشن نے فریقین سے مشاورت کے بعد کارروائی روک دی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور عوامی جمہوری اتحاد کے لیاقت تراکئی کی نااہلی سے متعلق ریفرنس پر کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Load Next Story