زمبابوے سنچری ٹیسٹ کو فتح سے یادگار نہ بنا سکا

سری لنکا کے ہاتھوں225رنز سے مات، ہیراتھ بطورکپتان پہلے امتحان میں سرخرو

سنچری بنانے والے کپتان گریمی کریمر نے دوسری باری میں بھی ٹیم کو ناکامی سے بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ فوٹو: اے ایف پی

زمبابوے اپنے سنچری ٹیسٹ کو فتح سے یادگار نہ بنا سکا، سری لنکا نے سیریز کا پہلا میچ 225رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا، کریمر43رنز بناکر نمایاں رہے، اسپنر رنگانا ہیراتھ نے بطور کپتان پہلے ہی میچ میں کامیابی کا ذائقہ چکھ لیا، انھوں نے اور دلروان پریرا نے 3،3 شکار کیے۔

تفصیلات کے مطابق آخری روز مہمان ٹیم نے گذشتہ دن کے اسکور 6 وکٹ 247 پر اننگز ڈیکلیئرڈ کرنے کا اعلان کردیا، جس کے بعد 164رنز کا خسارہ پانے والی ٹیم کو کامیابی کیلیے 412 کا ہدف ملا، ٹاپ تین بیٹسمینوں نے دن کے ابتدائی 2گھنٹے تک مزاحمت کی۔

اوپنرز نے ابتدائی 16 اوورز تک وکٹ پر قیام کیا، برائن چیری10رنز بناکر لاہیرو کمارا کی گیند پر بولڈ ہوگئے، ماوویو نے ہیملٹن کے ہمراہ دوسری وکٹ کیلیے 37رنز جوڑے،68 کے ٹوٹل پر ماوویو امپائر سائمن فرائے کے متنازع فیصلے کی بھینٹ چڑھ گئے، ٹی وی ری پلے میں گیند واضح طور پر لیگ اسٹمپڈ مس کرتی دکھائی دے رہی تھی۔


میزبان اوپنر 37 پر میدان بدر ہوئے، ان کے پویلین لوٹتے ہی ایک وکٹ پر 68 رنز بنانے والی میزبان ٹیم نے 74 تک پہنچتے پہنچے 5وکٹیں گنوا دیں، پریرا نے اپنے اگلے اوور میں کریگ ایروین کو بھی اسی انداز میں شکار کیا، اس کے بعد لکمل نے مساکیڈزا (20) اور میلکولم ویلر(0) کو ٹھکانے لگا دیا، بعدازاں آنے والے پیٹر مور 7 رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے۔

پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے کپتان گریمی کریمر نے دوسری باری میں بھی ٹیم کو ناکامی سے بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن ناکام رہے، انھوں نے اس بار 144 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 43رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 5 چوکے شامل رہے، ڈونالڈ ٹریپانو اورکرس ایم پوفو نے کوئی رن بنائے بغیر پویلین واپسی کی راہ لی، کارل موومبا 62 گیندوں پر 10رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، میزبان ٹیم کی بساط 90.3 اوورز میں 186رنز پرلپٹ گئی۔

سری لنکا نے 225رنز سے کامیابی کی بدولت دو میچز کی سیریز میں ناقابل شکست برتری لے لی، رنگانا ہیراتھ اور دلرووان پریرا نے 3،3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا ، سورنگا لکمل اور لاہیرو کمارا نے 2،2 شکار کیے، واضح رہے کہ سری لنکن ٹوٹل 537 کے بعد میزبان ٹیم نے جوابی اننگز میں 373رنز جوڑے تھے۔

 
Load Next Story