سلطان آف جوہر ہاکی پاکستان نے ملائیشیا کو مات دے دی

جاپان نے برطانیہ،آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ پر غلبہ حاصل کیا، گرین شرٹس اور کینگروزکل مدمقابل


Sports Reporter November 03, 2016
ابوبکر، دلبر، شان اور سمیع نے گیند کو جال کی سیر کرائی۔ فوٹو: فائل

سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ میں پاکستان نے میزبان ملائیشیا کو4-1 سے مات دے دی، ابوبکر، دلبر، شان ارشاد اور سمیع اللہ ایک، ایک بار گیند کو جال کے اندر پھینکنے میں کامیاب رہے، میزبان سائیڈ کی طرف سے واحد گول نجمی جازلان نے کیا، جاپان نے دفاعی چیمپئن برطانیہ کو2-1 سے اپ سیٹ شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو ایک کے مقابلے میں9 گول سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کردیا، گرین شرٹس اگلے میچ میں اب تک ایونٹ کی ٹاپ سائیڈ آسٹریلیا کے خلاف4 نومبر کو ایکشن میں دکھائی دے گی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ملائیشین شہر جوہر بارو میں جاری ایونٹ میں گذشتہ روز بھی3 میچوں کا فیصلہ ہوا، پاکستان، جاپان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں فتوحات پانے میں کامیاب رہیں، تمن دایا ہاکی اسٹیڈیم میں ملائیشیا کیخلاف پاکستانی پلیئرزچھائے رہے اور پہلے ہاف میں3 گول کرکے گرفت مضبوط بنالی۔

فاتح ٹیم نے کھیل کے شروع میں ہی جارحانہ انداز اپنایا اور ابوبکر کے ذریعے 7 ویں منٹ میں ایک گول کی برتری حاصل کر لی،20ویں منٹ میں ٹیم ایک بار پھر عمدہ موو بنانے میں کامیاب رہی جس کا بھرپور فائدہ دلبر نے اٹھایا، انھوں نے میزبان سائیڈ کے دفاعی حصار میں واضح شگاف ڈالتے ہوئے گیند کو جال کے اندر پھینک دیا،2گول کے خسارے میں جانے کے بعد ملائیشیا نے میچ میں واپسی کیلیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا۔

میزبان سائیڈ کی یہ تدبیر کارگر بھی ثابت ہوئی اور نجمی جازلان نے25ویں منٹ میں گول کر کے اسکور2-1کر دیا، صرف5منٹ بعد شان ارشاد نے پاکستان کی طرف سے تیسرا گول کر کے گرین شرٹس کی میچ پر گرفت مزید مضبوط بنا دی، پہلے ہاف کے اختتام پر پاکستان کو حریف سائیڈ کے خلاف ایک کے مقابلے میں 3گول سے برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف میں کھیل سست روی کا شکار رہا اور35منٹ کے کھیل میں صرف ایک گول ہی ہو سکا جو39ویں منٹ میں پاکستان کے سمیع اللہ نے کیا، آخری31 منٹ میں دونوں ٹیموں نے مزید گول کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن دفاعی کھلاڑیوں کے عمدہ کھیل کی وجہ سے فارورڈز گیند کو جال کا راستہ دکھانے میں ناکام رہے، اس سے قبل پہلے میچ میں جاپان کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن برطانیہ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1 سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔

ایک اور میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد9-1 سے ہرا کر دوسری کامیابی سمیٹی، نیوزی لینڈ متواتر3 شکستوں کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگیا،ٹیم کو اس سے قبل پاکستان اور جاپان کے ہاتھوں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، پاکستانی ٹیم7 پوائنٹس کے ساتھ ایونٹ میں شریک ٹیموں میں دوسرے نمبر پر ہے۔

گرین شرٹس نے مجموعی طور پر 3 مقابلوں میں حصہ لے کر2میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ برابری کی سطح پر ختم ہوا، آسٹریلیا کے بھی7پوائنٹس ہی ہیں لیکن بہتر گول اوسط کی وجہ سے کینگروز ٹاپ پر ہیں، جاپان6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، انگلینڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ ملائیشیا ایک پوائنٹ کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کا تاحال کوئی پوائنٹ نہیں اور وہ گروپ میں آخری نمبر پر ہے، جمعرات کوآرام کا دن ہے،4 نومبر کو مزید تین میچز ہوں گے، پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم انگلینڈ کیخلاف میدان میں اترے گی، آسٹریلیا کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا جبکہ ملائیشیا کی ٹیم جاپان کیخلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں