عمر شریف یش راج کی فلم میں کام کرنے کے لیے ہندوستان جائیں گے

مشترکہ فلمسازی دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

نئے فنکار معیاری کام کر رہے ہیں، عمر شریف ۔ فوٹو: فائل

معروف کامیڈین اداکار عمر شریف مارچ کے پہلے ہفتے میں یش راج کی فلم میں کام کرنے کے لیے آیندہ سال مارچ میں ہندوستان جائیں گے۔

اس فلم کے حوالے سے عمر شریف کی کئی ماہ سے بات چیت جاری تھی جو آخری مراحل تک پہنچ گئی ہے ہندوستان پاکستان مشترکہ فلم سازی کے حوالے سے عمر شریف کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اس سے قبل بھی پاکستانی فنکار پڑوسی ملک کی فلموں میں کام کرتے رہے ہیں جسے ہندوستان سمیت دنیا بھر مین پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔


ہمارے لوگوں کو بھی چاہیے کہ فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے سنجیدگی سے کام کریں اور اپنے فنکاروں کے ساتھ پڑوسی ملک کے فنکاروں کو بھی مدعو کریں اور مل کر کام کریں اس عمل سے دونوں ملکوں کی عوام بھی قریب آئے گی اور ایک دوسرے سے نئی چیزیں سیکھنے کا موقع بھی ملے گاپاکستانی ڈرامے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہمارے ہاں ڈرامے نے ایک بار پھر مکمل سانس لی ہے اور نئے فنکار معیاری کام کر رہے ہیں۔



سنیئر فنکاروں کو ان کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے اور نئے فنکاروں کو ان سے تربیت لینی چاہیے تاکہ مزید بہتری کام میں آسکے ہمارا ڈرامہ دنیا میں مقبول ہے لوگ باہر ہمارے فنکاروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں پاکستان کے تھیٹر فنکاروں نے پڑوسی ملک سمیت دنیا کے بہت سے ملکوں میں دھوم مچائی ہوئی ہے جو فنکار غٖیر ملکی ڈراموں کے خلاف مہم چلا رہے ہیں انھیں چاہیے کہ اپنے کام سے مقابلہ کریں اس سے قبل بھی ہم نے کئی بار مقابلہ کیا ہے پاکستان سے بہتر ڈرامہ کہیں بھی نہیں بن رہا سو ہمیں مایوس ہونے سے کچھ حاصل نہیں ہونے والا اس کا بہتر جواب مزید اچھا کام ہوگا۔
Load Next Story