ہوبارٹ ٹیسٹ دلشان کی سنچری کے باوجود آسٹریلوی راج قائم

سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 336رنز پر آؤٹ، آسٹریلیا نے بغیر وکٹ گنوائے 27 رنز بناکر 141 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی۔


Sports Desk December 17, 2012
آسٹریلوی فاسٹ بولر پیٹر سڈل نے 54رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فوٹو: رائٹرز

KARACHI: ہوبارٹ ٹیسٹ میں تلکارتنے دلشان کی سنچری کے باجود آسٹریلوی راج قائم ہے۔

سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 336 رنز پر آؤٹ ہوئی، اوپنر نے 147 اور انجیلو میتھیوز نے 75 رنز اسکور کیے، پیٹرسڈل نے 5 وکٹیں لیں، جواب میں آسٹریلیا نے تیسرے دن کے اختتام تک بغیر وکٹ گنوائے 27 رنز بناکر 141 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں سابق کپتان دلشان اور مستقبل کے قائد انجیلو میتھیوز نے شدید مزاحمت کی مگر اس کے باوجود آسٹریلیا کی پوزیشن کافی مستحکم ہے۔ مہمان سائیڈ نے دن کا آغاز 87 رنز 4 وکٹوں سے کیا۔

آغاز میں ہی ٹاپ کھلاڑیوں کی رخصتی کے باعث پڑنے والے دبائو کو خاطر میں لائے بغیر دلشان نے میتھیوز کے ساتھ مل کر ریسیکو آپریشن شروع کیا اور پانچویں وکٹ کیلیے 161 کی شراکت قائم کرکے مجموعے کو 248 تک پہنچایا، اس موقع پر پیٹرسڈل نے خوفناک بولنگ سے نہ صرف اس خطرناک جوڑی کا خاتمہ کیا بلکہ بعد میں آنے والے بیٹسمینوں کو بھی کریز پر نہ ٹکنے دیا، میتھیوز 75 رنز پر ان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، دلشان کو اسٹارک نے بولڈ کیا۔

03

انھوں نے 21 چوکوں کی مدد سے 147 رنز بنائے، پرسنا جے وردنے نے پیٹرسڈل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہونے سے قبل 40 رنز اسکور کیے، رنگانا ہیراتھ (0) کو بھی اسی انداز میں سڈل نے قابو کیا جبکہ نوان کولاسیکرا 23 رنز پر لیون کا شکار ثابت ہوئے کیچ متبادل فیلڈر سلک نے تھاما، ویلی گیدیرا (0) کو ہسی کا کیچ بناکر سڈل نے مہمان اننگز کا خاتمہ کیا، انھوں نے 54 رنز دے کر پانچ وکٹیں لیں۔ جواب میں آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 27 رنز بنا لیے مگر 16 رنز پر ناٹ آئوٹ ایڈ کوان ایل بی ڈبلیو ہوسکتے تھے اگر کولاسیکرا اپنے کپتان کو ریویو کیلیے راضی کرنے میں کامیاب ہوجاتے جبکہ وارنر بھی سیکنڈ سلپ میں کیچ ہونے سے بال بال بچے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں