کبڈی ورلڈکپ بھارت پر فراڈ اور جانبداری کا الزام

قومی ٹیم میں شامل کئی اہم کھلاڑیوں کو ویزا نہیں دیا جبکہ بھارتی ٹیم میں فہرست سے ہٹ کر پلیئرز کو شامل کیاگیا۔


Sports Reporter December 17, 2012
بئی کپ میں پاکستانی ٹیم بھارت سے بدلہ لینے کیلیے میدان میں اترے گی۔ فوٹو: فائل

کبڈی ورلڈکپ کے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کوچ اور کپتان نے میزبان ملک پر فراڈ اور جانبداری کا الزام عائد کردیا۔

دورہ بھارت کے بعد وطن واپس پہنچنے پر لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے کپتان اور کوچ بھارت پر برس پڑے۔ کپتان مشرف جاوید نے میڈیا کو بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن نے ہماری ٹیم میں شامل کئی اہم کھلاڑیوں کو ویزا نہیں دیا جبکہ بھارتی ٹیم میں فہرست سے ہٹ کر پلیئرز کو شامل کیاگیا، دوسری طرف کسی بھی میزبان کھلاڑی کا ڈوپ ٹیسٹ نہیں لیا گیا۔ مشرف جاوید کے بقول بھارتی کھلاڑیوں نے فائنل میں بھی دھوکہ دہی کرتے ہوئے جسم پر بام لگایا ہوا تھا، چکناہٹ کی وجہ سے گرفت میں انتہائی مشکل ہورہی تھی،قومی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ ریفری نے بھی جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سے تعصب برتا۔

دوسری جانب پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری محمد سرور نے کہا ہے کہ رحیم یار خان کبڈی کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو دبئی کپ ٹورنامنٹ کیلیے قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ دبئی میں مقابلے 7 سے 10 فروری تک شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہونگے۔ ایونٹ میں ورلڈ کپ کی ٹاپ 5 ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں پاکستان، بھارت، کینیڈا، ایران اور امریکا شامل ہیں۔

01

سیکریٹری فیڈریشن نے کہا کہ دبئی کپ میں پاکستانی ٹیم بھارت سے بدلہ لینے کیلیے میدان میں اترے گی، کوچ اور کپتان کے برعکس موقف اختیار کرتے ہوئے محمد سرور نے کہا کہ ورلڈ کپ فائنل میں بھارتی ٹیم نے پاکستانی کھلاڑیوں کی نسبت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ نشان حیدر کبڈی کپ 2 سے 4 جنوری تک رحیم یار خان میں ہو گا، فیڈریشن سے منسلک 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ انھوں نے کہا کہ اس ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو فروری میں ہونے والے دبئی کبڈی کپ کیلیے قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کبڈی کپ میں قومی کھلاڑیوں کی فائنل تک رسائی اچھا اقدام ہے تاہم فائنل میں پاکستانی کھلاڑی پریشر برداشت نہ کر سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں