بینظیر بھٹو نے ملک وعوام کیلیے جمہوریت دشمنوں سے مقابلہ کیا فیاض شاہ

برسی میں شرکت کی اپیل ،سازشوں کے باوجود پی پی آج بھی سب سے بڑی پارٹی ہے

فیاض شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو شہید کے نظریے اور فلسفے پر چلتے ہوئے ملک وعوام کی بھرپور خدمت کی ہے. فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کے جنرل سیکریٹری سید فیاض شاہ نے کہا ہے کہ پی پی پی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ٹنڈو ولی محمد میں ڈرینیج کی 7 نئی لائینوں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو روڈ اور لگائی گئی پانی کی دو مشینوں کی افتتاحی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ شہر کی یونین 4 اور 5 کے رہائشیوں کو نکاسی آب اور ٹوٹے ہوئے راستوں کی شکایت تھی جس کا نوٹس لیتے ہوئے 15لاکھ روپے کی لاگت سے ڈرینج کی 7 نئی لائینیں ڈالی گئی ہیں اور 20 لاکھ روپے کی لاگت سے شہید بینظیر بھٹو روڈ تعمیر کیا گیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پانی کی دو مشینیں انہوں نے ذاتی طور پر لگوائی ہیں تاکہ شہریوں کو پانی جیسی بنیادی سہولت میسر ہو سکے۔ اس موقع پر آفتاب خانزادہ، شاہد اقبال، رجب خاصخیلی، حاجی جیئندو سومرو، سلیم پٹھان، قاضی جمیل اور پی پی پی کے دیگر عہدیدار اور ورکرز بھی موجود تھے۔ دریں اثنا ایک بیان میں سید فیاض علی شاہ نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے ملک وعوام کے لیے جمہوریت دشمن جرنیلوں اور قوتوں سے بھرپور مقابلہ کیا، قید وبند اور تشدد کی صعوبتیں برداشت اور جام شہادت نوش کیا، بھٹو خاندان کی قربانیوں کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی یہ ہی وجہ ہے کہ تمام ترسازشوں کے باوجود پیپلزپارٹی آج بھی پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی ہے۔

انھوں نے کہا کہ 27 دسمبر کو بے نظیر بھٹوکے یوم شہادت کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 500 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ حیدرآباد سے گڑھی خدا بخش بھٹو روانہ ہوگا۔ انھوں نے کارکنوں کو یوم شہادت کے اجتماع میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو شہید کے نظریے اور فلسفے پر چلتے ہوئے ملک وعوام کی بھرپور خدمت کی ہے جس کی وجہ سے آج عوام کی زبان پر اگلی باری پھر زرداری کا نعرہ عام ہے۔
Load Next Story