جاسوس بھارتی سفارتکار پاکستان نے سفارتی مہم شروع کردی

سی پیک کے خلاف بھارتی سازشوں کا معاملہ پاکستان اور چین سلامتی کونسل میں اٹھائیں گے


عامر خان November 04, 2016
پاکستان اور چین نے سی پیک کے خلاف بھارتی سازشوں کو ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فوٹو؛ فائل

KARACHI: وفاقی حکومت نے پاکستان میں جاسوسی کرنے والے بھارتی سفارت کاروں کے معاملے پرعالمی برادری کومودی کے ایجنڈے سے آگاہ کرنے کیلیے موثر سفارتی مہم کاآغاز کردیاہے۔ اس حوالے سے حکام نے سفارتی رابطوں کے ذریعے امریکا، چین اور دیگر اہم ممالک کو اس صورت حال سے آگاہ کردیا ہے۔

پاکستان اور چین سی پیک کے خلاف بھارتی سازشوں کا معاملہ جلد باہمی مشاورت سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھائیں گے اوربھارت کے خلاف عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور پابندیاں عائد کرنے کے حوالے سے قراردادپیش کی جاسکتی ہے۔

وفاقی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ان ممالک کو کہا ہے کہ پاکستان کوعدم استحکام کرنے کے حوالے سے مودی حکومت مسلسل سازشوں میں مصروف ہے، اس صورت حال کے سبب خطے میں عدم استحکام پیدا ہوسکتا ہے جس کاذمے دار بھارت ہوگا۔ ان ممالک نے پاکستان کوعندیہ دیاہے کہ وہ اس معاملے پر بھارت سے بات کریں گے اورسفارتی محاذ پر پاکستان کا ساتھ دیں گے۔

وفاقی حکومت کے اہم ذرائع نے بتایاہے کہ پاکستان نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی سازشوںسے چینی حکام کو آگاہ کردیا ہے۔ چین نے مودی حکومت کوسخت سفارتی پیغام بھیجاہے کہ بھارت سی پیک منصوبے کے خلاف اپنی سازشیں بند کردے بصورت دیگریہ معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا جائے گا، اگربھارت باز نہ آیا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا ہوسکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین نے سی پیک کے خلاف بھارتی سازشوں کو ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس معاملے پر مشترکہ حکمت عملی طے کی جائے گی، سی پیک کی سیکیورٹی میں مذید اضافہ کیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں