وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت امن وامان سے متعلق اجلاس

مظاہروں کے دوران ریاستی اداروں کو احسن طریقے سے فرائض نبھانے پر مبارکباد دیتا ہوں، شہبازشریف


ویب ڈیسک November 05, 2016
مظاہروں کے دوران ریاستی اداروں کو احسن طریقے سے فرائض نبھانے پر مبارکباد دیتا ہوں، شہبازشریف، فوٹو؛ فائل

KARACHI: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں محرم الحرام کے دوران امن وامان کی فضا یقینی بنانے اور دھرنے کے لیے بہترین سیکیورٹی اقدامات پر پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف كی زیرصدارت كابینہ سب كمیٹی برائے امن و امان كا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزرا رانا ثناءاللہ، مجتبیٰ شجاع الرحمن، رانا مشہود، ملك ندیم كامران، بلال یاسین، ایم این اے حمزہ شہباز اور آئی جی پنجاب سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں عوام كے جان و مال كے تحفظ كیلئے كیے جانے والے اقدامات اور امن و امان كی مجموعی صورتحال كا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے محرم الحرام اور گزشتہ دنوں مظاہروں كے دوران امن عامہ كی فضا یقینی بنانے پر كابینہ سب كمیٹی، پولیس اور انتظامیہ كو شاباش دی۔

وزیراعلیٰ نے كہا كہ تمام متعلقہ اداروں او رمحكموں نے متحرك انداز میں فرائض سرانجام دے كر محرم الحرام كے دوران امن و امان كی فضا كو یقینی بنایا اور گزشتہ دنوں مظاہروں كے دوران بھی ریاستی اداروں نے اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے ادا كرتے ہوئے عوام كے روزمرہ كے معمولات میں كوئی خلل نہیں پڑنے دیا جس پر میں كابینہ سب كمیٹی برائے امن و امان، پولیس اور انتظامیہ كو امن عامہ كی فضا یقینی بنانے كیلئے مباركباد دیتا ہوں۔ انہوں نے كہا كہ اللہ تعالیٰ كے فضل و كرم اور آپ سب كی محنت سے محرم الحرام میں كوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور عوام كے جان و مال كے تحفظ كی ذمہ داری كو بطریق احسن ادا كرنے پر آپ سب كا كردار قابل ستائش ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عوام كے جان و مال كا تحفظ كرنا ریاست كی بنیادی ذمہ داری ہے اور میری آپ كو ہدایت ہے كہ قانون اور انصاف كی عملداری یقینی بنانے كیلئے كوئی كسر اٹھا نہ ركھی جائے، صوبے میں امن عامہ اور قانون كی عملداری یقینی بنانے كیلئے اسی طرح فعال انداز میں فرائض منصبی ادا كرنا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے كہا كہ امن ہوگا تو ملك آگے بڑھے گا اور عوام بھی چاہتے ہیں كہ ملك میں امن ہو اور ان كے روزمرہ كے معمولات زندگی میں خلل نہ پڑے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے قانون ہاتھ میں لینے والوں كے خلاف بلاامتیاز كارروائی كی ہدایت كرتے ہوئے كہا كہ كسی كو قانون ہاتھ میں لینے كی اجازت نہیں دی جاسكتی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں