ٹیسٹ رینکنگ پاکستان کی تیسری پوزیشن پر تنزلی کا خطرہ

کینگروز صرف 1پوائنٹ کے فرق سے پیچھے، بھارتی ٹیم بدستور نمبرون، بیٹنگ میں یونس خان کی 3 درجے تنزلی


Sports Desk November 05, 2016
پاکستان کو نیوزی لینڈ کے بعد آسٹریلیا میں بھی مشکل سیریزکھیلنا ہے، ناکامیاں دوسری پوزیشن بھی خطرے میں ڈال دیں گی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کی تیسری پوزیشن پر تنزلی کا خطرہ پیدا ہوگیا،کینگروز صرف ایک پوائنٹ کے فرق سے پیچھے ہیں، نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں ناکامی گرین کیپس کیلیے خطرے کی گھنٹی ہوگی۔ بیٹنگ میں یونس خان 3درجے تنزلی کے ساتھ پانچویں نمبر پر آگئے، کپتان مصباح دسویں اور اوپنر اظہرعلی12ویں پوزیشن پر برقرار رہے، اسد شفیق 4قدم پیچھے ہٹتے ہوئے 17 ویں نمبر پر آگئے۔ بولرز میں وہاب ریاض نے4درجے ترقی پاکر کیریئر کی بہترین 24 ویں پوزیشن حاصل کرلی، یاسر شاہ ایک درجے پیچھے چھٹے نمبر پر آگئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے رواں سال اگست میں انگلینڈ کیخلاف سیریز برابر کرتے ہوئے عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی تھی لیکن بھارتی ٹیم ہوم گراؤنڈز پر نیوزی لینڈ کو کلین سوئپ کرکے پھرسرفہرست ہوگئی، آئی سی سی کی جانب سے گذشتہ روز جاری شدہ نئی درجہ بندی میں بھارت 115 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔

ویسٹ انڈیز کیخلاف شارجہ ٹیسٹ میں ناکامی نے پاکستان کے 2پوائنٹس کم کرتے ہوئے مجموعی تعداد 109کردی لیکن دوسری پوزیشن برقرار رہی، صرف 1پوائنٹ کے فرق سے آسٹریلیا تیسرے نمبر پر ہے، کینگروز اس وقت پروٹیز کی میزبانی کررہے ہیں اور ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے رینکنگ میں بہتری لاسکتے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کو نیوزی لینڈ کے بعد آسٹریلیا میں بھی مشکل سیریزکھیلنا ہے، ناکامیاں دوسری پوزیشن بھی خطرے میں ڈال دیں گی، بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میں شکست کھانے والی انگلش ٹیم 105پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے، جنوبی افریقہ (96) پانچویں، سری لنکا (95) چھٹی،نیوزی لینڈ (91) ساتویں پوزیشن پر ہے، ویسٹ انڈیز نے طویل عرصے بعد پاکستان کیخلاف ٹیسٹ جیت کر2 پوائنٹس اپنے نام کیے لیکن مجموعی تعداد 69 کے ساتھ بدستور آٹھویں نمبر پر رہی، بنگلہ دیش(65) نویں اور زمبابوے (8) دسویں پوزیشن پر ہے۔

پلیئرز رینکنگ میں یونس 3درجے تنزلی کے ساتھ پانچویں نمبر پر آگئے ہیں، کپتان مصباح الحق کی دسویں اور اوپنر اظہرعلی کی 12 ویں پوزیشن برقرار رہی، اسد شفیق 4قدم پیچھے ہٹتے ہوئے17ویں نمبر پر آگئے، سمیع اسلم 2 درجے بہتری سے 60 ویں پوزیشن پر ہیں،ویسٹ انڈیز کے اوپنر کریگ بریتھ ویٹ آخری ٹیسٹ میں بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرکے پہلی مرتبہ ٹاپ 20 میں شامل ہوگئے۔

ٹاپ 10 بولرز میں آسٹریلوی کپتان اسمتھ پہلے، پروٹیز ہاشم آملا دوسرے، نیوزی لینڈ کے قائد ولیمسن تیسرے، انگلش جوئے روٹ چوتھے، پاکستانی یونس خان پانچویں، بھارتی اجنکیا راہنے چھٹے،کینگرو ایڈم ووجس ساتویں، پروٹیز ڈی ویلیئرز آٹھویں، آسٹریلوی وارنر نویں اورپاکستانی مصباح دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

بولرز میں وہاب ریاض نے 4 درجے ترقی پاکر کیریئر کی بہترین 24 ویں پوزیشن حاصل کرلی، یاسر شاہ ایک قدم پیچھے ہٹتے ہوئے چھٹے نمبر پر آگئے، ویسٹ انڈیز کے دیویندرا بشو نے 7 درجے چھلانگ کے ساتھ کیریئر کی بہترین 29 ویں پوزیشن پائی،کپتان جیسن ہولڈر 47 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹاپ 10بولرز میں بھارتی ایشون پہلے، پروٹیز اسٹین دوسرے، انگلش اینڈرسن تیسرے، سری لنکن ہیراتھ چوتھے، انگلش براڈ پانچویں، پاکستانی یاسر چھٹے، بھارتی جڈیجا ساتویں، کینگرو اسٹارک آٹھویں، کیوی نیل ویگنر نویں اور پروٹیز فلینڈر دسویں نمبر پر ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں