کراچی میں ایک گھنٹے کے دوران فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق 4 زخمی

فائرنگ کے واقعات اورنگی ٹاؤن اور رضویہ میں پیش آئے۔


ویب ڈیسک November 06, 2016
فائرنگ کے واقعات اورنگی ٹاؤن اور رضویہ میں پیش آئے۔ فوٹو؛ فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں ایک گھنٹے کے دوران فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقوں رضویہ سوسائٹی اور اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ نمائندہ ایکسپریس نیوز کے مطابق سچل تھانے کےعلاقے رضویہ سوسائٹی میں موٹرسائیکل پر سوار مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جب کہ 4 زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

فائرنگ کا دوسرا واقعہ اورنگی ٹاؤن میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ذرائع کےمطابق اورنگی ٹاؤن میں جاں بحق شخص کی شناخت اسرار کے نام سے ہوئی ہے جو پیشے کے لحاظ سے درزی بتایا جاتا ہے جب کہ رضویہ میں جاں بحق ہونے والے کی شناخت کامران کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں علاقوں میں فائرنگ کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرکے ابتدائی تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

دوسری جانب پولیس نے کنواری کالونی، پیر آباد، اورنگی ٹاؤن، کٹی پہاڑی سمیت دیگر علاقوں میں اور نیو کراچی گودھرا میں سرچ آپریشن کیا اور اس دوران تمام داخلی و خارجی راستے بند کردیئے۔ پولیس کے مطابق سرچ آپریشن جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا جس میں 50 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

ادھر پولیس نے رضویہ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی سینٹرل کےمطابق گرفتار دہشت گرد کا نام عمر حیات ہے جس سے قاری شکیل کے توسط سے افغانستان میں دہشت گردی کی ٹریننگ حاصل کی تھی۔

واضح رہے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں اچانک اضافہ ہوا ہے جہاں گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 6 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ پولیس نے قتل کے 2 واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں پیپلزپارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو بھی گرفتار کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں