پی ایس ایل کمپنی کی اجازت گورننگ بورڈ نے دی چیئرمین پی سی بی

8 نومبر کواگلی میٹنگ میں اس حوالے سے چند سوال ضرور اٹھاؤں گا، شہریار خان


Saleem Khaliq November 06, 2016
ہمارے ساتھ ہی رہنے اور کسی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرنے کا یقین دلانا ہو گا۔ فوٹو: فائل

شہریارخان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کو پرائیوٹ کمپنی بنانے کی اجازت پی سی بی گورننگ بورڈ نے ہی دی مگر اگلی میٹنگ میں اس حوالے سے چند سوال ضرور اٹھاؤں گا،ان کے مطابق لیگ حکام کو یقین دلانا ہو گا کہ الگ کمپنی بننے کے باوجود وہ ہمارے ساتھ ہی رہیں گے اور کسی پالیسی کے خلاف نہیں جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نمائندہ ''ایکسپریس'' سے خصوصی بات چیت کے دوران پی ایس ایل کمپنی کے حوالے سے سوال پر چیئرمین کرکٹ بورڈ نے کہا کہ اس کی اجازت گذشتہ میٹنگ میں گورننگ بورڈ نے ہی دی تھی، مگر میں اگلے اجلاس میں چند سوالات ضرور اٹھانا چاہتا ہوں۔

لیگ حکام کا خیال ہے کہ الگ کمپنی سے انھیں کام کرنے کی زیادہ آزادی ہوگی اور انتظامی فیصلے خود کر لیا کریں گے، وہ ایسا ضرور کریں مگر پی سی بی کے اصول اور بورڈ آف گورنرز کے فیصلوں کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے، اس بارے میں اجلاس میں بات کی جائے گی، انھیں ہمیں یقین دلانا ہوگا کہ الگ کمپنی بننے کے باوجود وہ ہمارے ساتھ ہی رہیں گے اور کسی پالیسی کے خلاف نہیں جائیں گے۔

شہریارخان نے مزید کہا کہ رواں سال کے اوائل میں جب پہلی لیگ کا انعقاد ہوا تب بھی پی سی بی کا عمل دخل کم ہی تھا، منتظمین نے اپنے طور پر جو مناسب سمجھا وہ فیصلے کیے، ہم نے بھی ان کو اجازت دی، ہمارے بعض آفیشلز کو زیادہ تنخواہیں دے کر ان سے کام لیے گئے۔

واضح رہے کہ8 نومبر کو لاہور میں پی سی بی گورننگ بورڈ میٹنگ کے ایجنڈے میں پی ایس ایل پر اپ ڈیٹ بھی دی جائے گی،اس موقع پر الگ کمپنی کے ممکنہ ڈائریکٹرز و دیگر امور پر تبادلہ خیال ہونا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔