علیم ڈار کو آنکھیں دکھانے والے اسمتھ کو سزا ملے گی

سر پر پابندی کی تلوار لٹکنے کے بعدکینگرو قائد اپنی حرکت کی وضاحتیں دینے لگے


Sports Desk November 06, 2016
اسمتھ نے واکا پرتھ میں گیند کے ریورس سوئنگ ہونے پر بھی حیرت ظاہر کردی۔ فوٹو: فائل

MUZAFFARABAD: علیم ڈار کو آنکھیں دکھانے والے آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کے سر پر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی، امپائر سے الجھنے کے جرم میں سزا کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، دوسری جانب کینگرو قائد اپنی حرکت کی وضاحتیں دینے لگے، انھوں نے کہاکہ فیلڈ آفیشل کے فیصلے کی ہاک آئی نے توثیق کردی تو میں کیا کرسکتا ہوں، اسمتھ نے پرتھ میں گیند کے ریورس سوئنگ ہونے پر بھی حیرت ظاہر کردی۔

تفصیلات کے مطابق پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کو جب علیم ڈار نے ایل بی ڈبلیو قرار دیا تو وہ غصے میں آگئے، انھوں نے نہ صرف انتہائی تجربہ کار امپائر کی جانب بدتمیزی سے بازو لہرایا بلکہ جارحانہ انداز میں ریویو بھی لیا، مگر تھرڈ امپائر نے بھی علیم ڈار کے فیصلے کو ٹیکنالوجی کی کسوٹی پر اچھی طرح پرکھنے کے بعد توثیق کردی۔

اب ان پر آفیشلز کے فیصلے سے اختلاف کا چارج عائد ہونے اور سزا کا امکان ہے، اگر ایسا ہوا تو یہ ان کی 12 ماہ کے اندر دوسری لیول ون کی خلاف ورزی ہوگی جس پر آئندہ ٹیسٹ میں انھیں کھیلنے سے روکا بھی جاسکتا ہے،اس کا فیصلہ میچ ریفری کی صوابدید پر ہے۔

اسمتھ نے کہاکہ میرا رویہ جارحانہ نہیں تھا بلکہ مجھے ایل بی ڈبلیو قرار دینے پر حیرت ہوئی لیکن بہرحال یہ امپائر کافیصلہ تھا جس کی ہاک آئی نے توثیق بھی کردی، اب میں اس بارے میں کچھ نہیں کرسکتا۔ یاد رہے کہ آسٹریلوی اننگز کے دوران جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی سے علیم ڈار اور ان کے ساتھی فیلڈ امپائر نائجل لونگ نے کچھ بات بھی کی جس کی وجہ سامنے نہیں آئی۔

اسمتھ نے کہا کہ یہ سب کچھ تیزی سے ہوا،میں سمجھتا ہوں کہ جوکچھ وہاں پر ہوا اس کو امپائرز نے سنبھالا۔ اس میچ میں ریورس سوئنگ نے بھی اہم کردار ادا کیا جس کے بارے میں اسٹیون اسمتھ نے کہاکہ پرتھ میںگیند کا ریورس سوئنگ ہونا حیران کن تھا، اسی وجہ سے ہم نے ابتدائی سیشن میں آف اسپنر ناتھن لیون سے بولنگ نہیں کرائی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔