مچھ میں فورسز کی کارروائی 3 شر پسند ہلاک دہشت گردوں کو نہیں چھوڑیں گے آئی جی ایف سی

فورسز کی آب گم میں کارروائی کے دوران فائرنگ کاتبادلہ ہوا،ہلاک ملزمان ٹرینوں پرحملوں میں ملوث تھے


News Agencies/Numaindgan Express November 06, 2016
ترقی کے خواہشمند ساتھ چل سکتے ہیں، نوجوانوں نے قلم کو ہتھیار پر ترجیح دی،شہداکی قربانی کی بدولت آج امن لوٹ رہاہے،میجرجنرل شیرافگن۔ فوٹو : فائل

ایف سی اور حساس اداروںکی آب گم میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ٹرینوں پر حملوں میں ملوث 3 شرپسند ہلاک ہوگئے، فورسز نے اسلحہ ودیگر مواد برآمد کرلیا۔

ایف سی ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق کالعدم بی ایل اے سے تھا اور ٹرینوں پرحملوں میں ملوث تھے،ان کے قبضے سے 3ایس یم جی 4آئی ای ڈیز اور دیگر تخریبی مواد بھی برآمد کیا گیا۔

ادھر مستونگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے ٹی ایف کا ہیڈ کانسٹیبل محمدا شرف جاں بحق ہوگیا جوڈیوٹی کے بعد اپنے گھرجارہاتھا، ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ٹرانسفارمر تباہ جبکہ بارودی سرنگ پھٹنے سے مال مویشی ہلاک ہوگئے۔

انسپکٹر جنرل ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیر افگن نے کہا ہے کہ بیرون ملک سے بلوچستان میں دہشت گردی کو فروغ دینے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، دہشت گردبیرونی ایجنڈے پرکارفرما ہیں، نہیں چھوڑیں گے، بلوچستان کی ترقی کے خواہش مند ہمارے ساتھ چل سکتے ہیں، صوبے کے نوجوانوں نے قلم کو ہتھیار پر ترجیح دی ہے۔

میجر جنرل شیر افگن نے یہ بات ہفتہ کو دکی اور ہر نائی کے دورے کے موقع پر قبا ئلی وسیاسی عمائدین سے ملاقات میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے دکی میں ایف سی سکول اور ایف سی پارک، جبکہ ہرنا ئی میں ایف سی اسکول کے ہاسٹل کا افتتاح بھی کیا۔

شیر افگن نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھ کر نوجوانوں کو ورغلانے والے قوم کے دوست نہیں دشمن ہیں جو صوبے کے نوجوانوں کو اپنے مذموم مقاصد کیلیے استعمال کررہے ہیں، صوبے میں قیام امن کیلیے یہاں کی عوام اور فورسز نے بے شمار قربانیاں دی ہیں یہ ہمارے شہداکی قربانی کانتیجہ ہے کہ آج بلوچستان میں امن واپس لوٹ رہاہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔