اکاؤنٹ منجمد بلدیاتی امور ٹھپ گلیوں اور سڑکوں پر کچرے کے ڈھیر

بلدیاتی اداروں کے اکاؤنٹس منجمدہونے سے صفائی کابحران پیدا ہوگیا، گلی محلوں، سڑکوں اورشاہراہوں پرکچرے کے ڈھیر لگ گئے


Staff Reporter November 06, 2016
بلدیاتی ملازمین تنخواہ نہ ملنے پرمایوس، پیر کو تنخواہ نہ ملنے پراحتجاج ہوگا، ذوالفقار شاہ۔ فوٹو: فائل

سندھ حکومت کی جانب سے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ضلعی بلدیاتی اداروں کے اکاؤنٹس منجمد ہونے کے باعث شہر میں صفائی کا شدید بحران پیدا ہوگیا ہے شہر کے گلی محلوں، اہم شاہراہوں، سڑکوں اور کچرا کنڈیوں میںکچرے کے ڈھیر پہاڑ بن گئے ہیں جن سے تعفن اٹھ رہا ہے اور وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہے فنڈز نہ ہونے کے باعث بلدیاتی ادارے جراثیم کش اسپرے مہم بھی شروع کرنے سے قاصر ہیں بلدیاتی ملازمین تنخواہیں نہ ملنے پر مایوسی کا شکار ہیں، ملازمین کی تنخواہ پیر تک نہ ملی تو منگل سے صفائی کے کام بند ہوسکتے ہیں محکمہ بلدیات کا ذیلی ادارہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ بدستور غیرفعال ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے محکمہ خزانہ نے 24 اکتوبر کو بلدیہ عظمیٰ کراچی سمیت صوبے بھر کے تمام بلدیاتی اداروں کے اکاؤنٹس منجمد کردیے تھے تاہم گورنر کی ہدایت اور ڈپٹی میئر کراچی کی درخواست پر گزشتہ دنوں صرف تنخواہوں اور پنشن کے اکاؤنٹس کھول دیے گئے جبکہ صفائی اور ترقیاتی کاموں کے اکاؤنٹس بدستور بند ہیں شہر کے ضلعی بلدیاتی اداروں کے ذرائع کے مطابق 10دن سے اکاؤنٹس منجمد ہونے کے بعد صفائی کے کام شدید متاثر ہیں کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کے ایندھن کی مد میں پٹرول پمپس کے واجبات اور گاربیج اسٹیشن سے لینڈ فل سائٹ تک کچرا پھینکنے والے ٹھیکیداروں کو ادائیگی نہ ہونے سے شہر بھر میں کچرا اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کا کام شدید متاثر ہوا ہے۔

متعلقہ ڈی ایم سیز کے مطابق محکمہ سینی ٹیشن کے سینیٹری ورکزز گلیوں محلوں میں جھاڑو لگانے کا کام کررہے ہیں تاہم اکاؤنٹس منجمد ہونے کے باعث خراب گاڑیوں کی مرمت نہیں ہورہی پٹرول پمپوں اور ٹھیکیداروں کے کروڑوں روپے کے واجبات کی ادائیگی رک گئی ہے ان مسائل کے باعث شہر بھر میں کچرے کے ڈھیر لگ گئے ہیں جن سے تعفن اٹھ رہا ہے اور وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہے ڈی ایم سیز کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ31اکتوبر سے جراثیم کش اسپرے مہم کا دوسرا مرحلہ شروع ہونا تھا تاہم فنڈز نہ ہونے کے باعث یہ مہم شروع نہیں کی جاسکی۔

ذرائع کے مطابق سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ بدستور غیرفعال ہے ضلع جنوبی میں چینی کمپنی سے صفائی کا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت نجی کمپنی دسمبر سے کام شروع کرے گی۔

سجن یونین کے رہنما ذوالفقار شاہ نے بتایا ہے کہ سندھ حکومت نے تنخواہوں اور پنشن کے اکاؤنٹس3 نومبر کو مشروط طور پر کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے تحت ملازمین اور پنشنرز کے چیکوں کی منظوری لوکل آڈٹ کے آڈیٹرز سے لینے کے بعد محکمہ خزانہ سندھ کو لازمی طور پر آگاہی دینی ہوگی تب فنڈز جاری کیے جائیں گے انھوں نے کہا کہ ہندو ملازمین کو دیوالی پر تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی گئی اگر پیر تک تمام بلدیاتی ملازمین کی تنخواہیں جاری نہ کی گئیں تو احتجاجی مظاہرے شروع کرکے صفائی اور بلدیاتی امور کی انجام دہی بند کردی جائے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔