کالا باغ ڈیم دفن کرکے آگے بڑھناہوگاچوہدری شجاعت

اتفاق رائے کی کوشش کرنیوالے جھوٹ بول رہے ہیں،30برسوں میں اتفاق نہیں ہوا تو اب کیسے ہوگا

آئندہ انتخابات میں ق لیگ حیران کر دیگی، پی پی سے الحاق پائیداررہیگا،دادومیں جلسے سے خطاب۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ق) کے مرکزی صدر سینیٹرچوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم نہیں بن سکتا، اسے دفن کرکے آگے بڑھناہوگا.

جو لوگ اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں دراصل وہ عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں کیونکہ اس مسئلے پر گزشتہ 30 برسوں سے اتفاق رائے نہیں ہوا تو اب کیسے ہوگا۔ انھوں نے دادو کے قریب گائوں علی پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران ختم کرنے کے لیے تھرکول، شمسی توانائی، پن بجلی اورچھوٹے ڈیموں پرکام کیاجائے۔




انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) پورے پاکستان کی جماعت ہے، ہمیں سندھ اور بلوچستان کے احساس محرومی کا احساس ہے،ہم بلوچستان میں ہونیوالے ظلم اور زیادتی کی مذمت اوران کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہیں۔ 2008 کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کے بعد سب سے زیادہ ووٹ ہماری پارٹی کو ملے تھے،آئندہ انتخابات میں بھی ق لیگ حیران کر دے گی، پیپلزپارٹی سے الحاق پائیداررہے گا۔ چوہدری شجاعت کے خطاب سے قبل کارکن قناتیں توڑ کر کھانے کے پنڈال میں گھس گئے اوردیگوں پر ٹوٹ پڑے اورخود ہی کھانا نکال لیا جس پرسیکیورٹی اہلکاروں سے ڈنڈے بھی کھاتے رہے۔
Load Next Story