جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میں شکست دے دی

539 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 361 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔


ویب ڈیسک November 07, 2016
میچ میں 7 وکٹیں حاصل کرنے پر جنوبی افریقا کے کگاسو ربادا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD: جنوبی افریقا نے 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 177 رنز سے شکست دے کر ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

پرتھ کے ویسٹرن آسٹریلیا کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا کی جانب سے دیئے گئے 539 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلین ٹیم 361 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں عثمان خواجہ 97 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ پیٹر نیول 60 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر بلے بازوں میں ڈیوڈ وارنر 35، اسٹیو اسمتھ 34، جوش ہیزل ووڈ 29 اور مچل مارش نے 26 رنز بنائے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کگاسو ربادا نے 5 جب کہ ورنن فلینڈر، جے پی ڈومنی، کشاو مہاراج اور تمبا باووموا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 242 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں ڈیوڈ وارنر کے 97 اور شان مارش کے 63 رنز کی بدولت 244 رنز بنا کر 2 رنز کی سبقت حاصل کی۔

جنوبی افریقا نے اپنی دوسری اننگز میں جے پی ڈومنی اور ڈین ایلگر کی سنچریوں اور ڈی کوک اور فلینڈر کی ففٹیز کی بدولت 540 رنز بنا کر آسٹریلیا کو جیت کے لئے 539 رنز کا ٹارگٹ دیا لیکن آسٹریلین ٹیم 361 رنز پر ہی ہمت ہار گئی۔ جنوبی افریقا کے کگاسو ربادا کو 7 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں