امریکا کے صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ امریکی بچوں کے تحفظ کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔
صدر اوباما نے امریکی شہر نیوٹاؤن میں اسکول میں مارے جانے والوں کی یاد میں تقریب سے خطاب کیا، اس موقع پرصدر اوباما نے بچوں کی حفاظت کے لئے موجودہ اقدامات کو ناکافی قرار دیا، صدر کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ایسے واقعات ہوتے رہے ہیں اور ان واقعات کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ مصیبت کی گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں، امریکی صدر نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے قانون سازی کے علاوہ شہریوں کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔
دوسری جانب امریکا میں مسلم کمیونٹی نے ریاست کنیٹی کٹ کے اسکول میں قتل عام کی شدید مذمت کی۔ اسکول میں مرنے والوں کی یاد میں کنیٹی کٹ کے علاقے نیوٹاؤن کے ایک چرچ میں دعائیہ تقریب ہوئی جس میں مسلم کمیونٹی کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر ایک بچے نے قرآن پاک کی تلاوت بھی کی، تقریب میں مسلم کمیونٹی کی جانب سے ایک بیان بھی پڑھ کر سنایا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ اسلام ایسے واقعات کی مذمت کرتا ہے، اس بیان میں تمام طبقات میں پرامن تعلقات پر بھی زور دیا گیا تھا۔