کسٹمز نے ٹیکس چوری پکڑلی 3 کروڑ80 لاکھ روپے ریکور

انڈین سن فلاورفیڈ،لکڑی وچھتری کے کنسائمنٹس غلط بیانی کے باعث روکے گئے


Ehtisham Mufti November 08, 2016
حکام کی جانچ پڑتال کے دوران غلط ٹیرف،کم ویلیوکااندراج اورانڈرانوائسنگ بے نقاب فوٹو: فائل

پاکستان کسٹمز اپریزمنٹ ایسٹ کلکٹریٹ نے مس ڈیکلریشن کے ذریعے 3 کروڑ روپے اور پورٹ قاسم کلکٹریٹ نے انڈرانوائسنگ کے ذریعے 2 کیسز میں 80 لاکھ روپے کی ڈیوٹی و ٹیکس چوری کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ کسٹمز اپریزمنٹ ایسٹ کلکٹریٹ نے انڈین سن فلاور مویشی فیڈ کے کنسائمنٹ کو مس ڈیکلریشن کے ذریعے کلیئرکرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 کروڑ روپے مالیت کے ڈیوٹی و ٹیکسز وصول کرلیے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرز ٹرمینل پر آنے والے انڈین سن فلاور مویشی فیڈ کے 9 ہزارٹن وزنی کنسائمنٹ کی کلیئرنس کے لیے متعلقہ درآمد کنندہ کی جانب سے پاکستان کسٹم ٹیرف (پی سی ٹی) کا غلط استعمال کرکے قومی خزانے کو 3 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی لیکن کلکٹریٹ اپریزمنٹ ایسٹ میں تعینات ڈپٹی کلکٹر نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چوری کیے گئے 3 کروڑ روپے کا ریونیو وصول کرلیاہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ درآمد کنندہ کی جانب سے درآمدکیے جانے والے مذکورہ آئٹم کی کلیئرنس کیلیے غلط پی سی ٹی کا سہارا لیتے ہوئے کسٹم ڈیوٹی وٹیکسوںکی مد میں 5 کروڑ کی ادائیگی کی گئی حالانکہ مذکورہ کنسائمنٹ پر درست پی سی ٹی کے تحت مجموعی طو پر 8 کروڑ روپے کے ڈیوٹی و ٹیکسز عائد ہوتے ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اپریزمنٹ ایسٹ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے، 9 ہزار ٹن وزنی کنسائمنٹ کو غیرقانونی طریقے سے کلیئر ہونے سے روکا گیا اور چوری کیے جانے والے ڈیوٹی وٹیکسوں کی بروقت وصولیوں میں کامیابی ہوئی۔

دریں اثنا پاکستان کسٹمز پورٹ قاسم کلکٹریٹ نے انڈانوائسنگ کے ذریعے کنسائمنٹس کلیئرنس کی کوشش ناکام بناتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے چوری کیے جانے والے ڈیوٹی و ٹیکسز وصول کرلیے۔

ذرائع نے بتایا کہ کلکٹر پورٹ قاسم مکرم جاہ کی ہدایت پر غیرقانونی کلیئرنس کی نگرانی کرنے کی ہدایت پر کلکٹریٹ میں تعینات افسران نے درآمدی ساؤن ٹمبر (لکٹری) کے 30 سے زائد کنٹینرز جو گرین چینل کے ذریعے کلیئرکیے جارہے تھے روک کر جانچ پڑتال کی تو انکشاف ہوا کہ ویلیو ایشن رولنگ کو نظر انداز کرکے کنسائمنٹس کی کم ویلیو پرکلیئرنس سے قومی خزانے کو 50 لاکھ سے زائد کا نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی لیکن محکمہ کسٹمز نے بروقت کارروائی کرکے کلیئرنس روک کر چوری کیے جانیوالے ڈیوٹی وٹیکسوںکی کامیابی کے ساتھ وصولیاں کرلیں۔ اسی طرح چھتری کے ایک دوسرے کنسائمنٹس کی کلیئرنس میں بھی پورٹ قاسم کلکٹریٹ نے انڈرانوائسنگ کی کوشش ناکام بنا کر موجودہ اور اس سے قبل کلیئرکیے جانے والے کنسائمنٹس پر چوری ہونے والے 30 لاکھ کے ریونیو کی وصول کرلی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں