ایل پی جی کی ملک گیرسپلائی21 نومبرسے بندکرنے کاانتباہ

اسٹیک ہولڈرزکااجلاس،ڈسٹری بیوٹرزکاچھاپے روکنے کیلیے حکومت کو14دن کاالٹی میٹم


Khususi Reporter November 08, 2016
ایل پی جی ٹینکروباؤزر بھی نہیں چلائیں گے،ٹرانسپورٹرز، رکشہ یونین نے بھی حمایت کردی فوٹو: فائل

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پولیس کی بھتہ خوری اور ایل پی جی ریٹیلرز کیخلاف کریک ڈاؤن بند نہ ہوا تو21 نومبر 2016 کو خیبر سے کراچی تک ایل پی جی کی سپلائی بند کر دیں گے۔

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کا اجلاس گزشتہ روز ہوا، جس میں تمام مرکزی و صوبائی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین عرفان کھوکھر نے حکومت کو 14 دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہاکہ ایل پی جی دکانوں سے پولیس کی بھتہ خوری، سول ڈیفنس کی بدمعاشی ختم نہ ہوئی اور غریب ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز اور دکانداروں کیخلاف حکومتی اداروں کا کریک ڈاؤن بند نہ ہوا تو 14روز کے بعد21 نومبر کو خیبر سے کراچی تک ایل پی جی کی سپلائی بند کر دیں گے۔

ایل پی جی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان نذیر کاہلوں کا کہنا تھا کہ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز و دکانداروں کا معاشی قتل ختم نہ کیا گیا تو ملک بھر سے ایل پی جی پلانٹوں پر گیس مہیا کرنے والے ایل پی جی ٹینکر اورباؤزر کا پہیہ جام کر دیں گے، ایل پی جی انڈسٹری کیلیے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو عوام تک سستی گیس پہنچانے میں اہم کر دار ادا کرتے ہیں، ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ ایل پی جی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن بھی 14روز بعد پہیہ جام ہڑتال کریگی۔ عوامی رکشہ یونین کے سابق چیئرمین مجید غوری نے کہا کہ مشکل گھڑی میں ہم ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کے ساتھ کھڑے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں