ودیا بالن کی’’ کہانی‘‘ بھی مکمل ہوئی

’’ دی ڈرٹی پکچر‘‘ کی بے پناہ کام یابی کے بعد تو ودیا کو بولی وڈ کی ’ فیمیل خان‘ کہا جانے لگا۔

ودیا اور سدھارتھ کی دوستی ’’نو وَن کِلڈ جیسیکا‘‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔ فوٹو : فائل

2012ء کو بولی وڈ میں شادیوں کا سال کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔

سال کے آغاز میں رتیش دیش مکھ اور جینلیا ڈی سوزا نے کئی برس پرانی دوستی کو رشتۂ ازدواج میں بدل دیا۔ جون میں دھرمیندر اور ہیما مالنی کی بیٹی ایشا دیول پیا گھر سدھاری اور اکتوبر میں سیف اور کرینا ہمیشہ کے لیے ایک ہوگئے۔ سیف اور کرینا کے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوجانے کے بعد فلمی حلقے جس شادی کے شدت سے منتظر تھے، چودہ دسمبر کو وہ شادی بھی بخیر و خوبی انجام پاگئی۔ جی ہاں! ہم بات کررہے ہیں بولی وڈ کی مقبول ترین اداکاراؤں میں شامل ودیا بالن کی جو گذشتہ جمعے کو مسز سدھارتھ رائے کپور ہوگئیں۔

شادی کی تقریب صبح سویرے باندرا کے ایک شان دار بنگلے میں انجام پائی جسے نہایت خوب صورتی سے سجایا گیا تھا۔ سیف اور کرینا کی طرح ودیا نے بھی اپنی شادی سے ذرائع ابلاغ کو یکسر دور رکھا۔ بلکہ وہ تو اس معاملے میں سیف اور کرینا سے بھی آگے نکل گئیں کہ انھوں نے مہندی، سنگیت اور شادی کی تقریب میں میڈیا تو کیا فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والے اپنے دوستوں اور ساتھیوں کو بھی مدعو نہیں کیا۔ ان کی مہندی میں ماضی کی نام ور اداکارہ ریکھا ہی نظر آئیں۔ شادی کہاں انجام پائے گی؟ اس بارے میں بھی کسی کو کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں حتی کہ قریبی عزیزوں کو بھی چند گھنٹے پہلے ہی اس مقام سے آگاہ کیا گیا۔ ودیا بالن ایک تامل خاندان سے تعلق رکھتی ہیں جب کہ ان کے شوہر پنجابی ہیں۔ معروف اداکارہ کے انتہائی قریبی دوست کے مطابق شادی میں دونوں جانب کی رسمیں نبھائی گئیں۔ تامل دلہنوں کی طرح ودیا نے بھی نو گز کی سرخ ساڑی پہن رکھی تھی جو کانجی ورم کہلاتی ہے۔ غالبا یہ ساڑی اداکارہ کو اس کی ساس نے تحفتاً دی تھی۔ منہدی اور سنگیت کی تقاریب کے کپڑوں کی طرح یہ ساڑی بھی ودیا کی پسندیدہ ڈیزائنر Sabyasachi نے ڈیزائن کی تھی۔ ودیا نے روایتی ساؤتھ انڈین جیولری بھی پہن رکھی تھی جس نے ان کی خوب صورتی میں چار چاند لگا دیے تھے۔ سدھارتھ نے زرد رنگ کا کڑھائی دار کرتا زیب تن کررکھا تھا۔


ہندی فلموں کے ناظرین اور فلمی حلقوں میں ودیا بالن بے انتہا مقبول ہیں۔ ودیا بالن کے کیریر کا آغاز 2005ء میں ان کی پہلی ہندی فلم '' پرینیتا '' ہی سے ہوا تھا۔ اس فلم میں ودیا کی شان دار اداکاری نے سبھی کو چونکا دیا تھا۔ زبردست اداکاری پر ودیا نے بہترین نووارد اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ '' پرینیتا'' کے بعد ودیا نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ '' پرینیتا'' کے بعد '' لگے رہو منّا بھائی''، '' بھول بھلیّاں''، ''ہلّا بول'' اور '' قسمت کونیکشن'' جیسی فلموں نے ودیا کی مقبولیت کا گراف بلند کیا۔ تاہم حقیقی معنوں میں ودیا کے سفر شہرت کا آغاز 2009ء میں ڈائریکٹر آر بالکی کی فلم ''پا'' سے ہوا۔ اس فلم کی کاسٹ میں امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن بھی شامل تھے۔ '' پا'' میں یادگار اداکاری پر ودیا نے بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیا۔ اس کے بعد '' عشقیہ''، '' نو وَن کِلڈ جیسیکا''، '' دی ڈرٹی پکچر'' اور '' کہانی''جیسی فلموں میں ودیا کی شان دار اداکاری نے انھیں صف اول کی ہیروئنوں میں لاکھڑا کیا۔ بالخصوص '' دی ڈرٹی پکچر'' کی بے پناہ کام یابی کے بعد تو ودیا کو بولی وڈ کی ' فیمیل خان' کہا جانے لگا جو تنہا ہی فلم کا بوجھ اٹھاسکتی ہے۔

دوسری جانب سدھارتھ رائے کپور کا نام قارئین کے لیے اجنبی ہوگا۔ سدھارتھ، بولی وڈ کے اداکاروں کنال کپور اور آدتیہ کپور کے بڑے بھائی ہیں۔ تاہم ان کی شناخت کا مضبوط ترین حوالہ یو ٹی وی موشن پکچرز ہے۔ سدھارتھ اس فلم پروٖڈکشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیں۔ ودیا اور سدھارتھ کی دوستی ''نو وَن کِلڈ جیسیکا'' کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔ یہ فلم سدھارتھ ہی کی کمپنی پروڈیوس کر رہی تھی۔ اس دوستی نے اتنی تیزی سے محبت کا رنگ اختیار کیا کہ ''نو وَن کِلڈ جیسیکا'' کی ریلیز سے پہلے ہی اس کے چرچے ذرائع ابلاغ میں ہونے لگے مگر ودیا اور سدھارتھ اس حقیقت سے انکار ہی کرتے رہے کہ وہ ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوگئے ہیں۔

گذشتہ برس انھیں کئی مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا جس کے بعد اس تاثر کو تقویت ملی کہ ذرائع ابلاغ کی زینت بننے والی خبروں میں کسی نہ کسی حد تک صداقت موجود ہے۔ پھر جب رواں برس جولائی میں سدھارتھ نے جوہو کے ساحل پر ودیا کے لیے چودہ کروڑ روپے مالیت کا فلیٹ خریدا اور اسی ماہ وہ ٹینس میچ دیکھنے کے لیے ومبلڈن گئے تو اس امر کی تصدیق ہوگئی کہ وہ اپنی محبت کو منطقی انجام تک پہنچانے میں سنجیدہ ہیں۔
سدھارتھ کو جیون ساتھی بناکر ودیا نے بولی وڈ کی اداکاراؤں میں شادی شدہ مردوں سے شادی کرنے کے رجحان کو زندہ رکھا۔ ہندی فلم انڈسٹری کی بیشتر معروف اداکاراؤں نے ان مردوں کو جیون ساتھی منتخب کیا جن کی شادی پہلے ہوچکی تھی۔ ان اداکاراؤں میں ہیما مالنی سے لے کر کرینا کپور تک متعدد نام شامل ہیں۔ تاہم اداکاری کی طرح اس معاملے میں بھی ودیا نے تمام اداکاراؤں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سدھارتھ کی ایک نہیں بلکہ دو شادیاں ہوچکی ہیں۔ اس طرح یہ سدھارتھ کی تیسری جب کہ ودیا کی پہلی شادی ہے۔
Load Next Story