لوڈ شیڈنگ میں پچاس فیصد کمی کا اعلان

صنعتی اور گھریلو صارفین کو اس اعلان سے یک گونا اطمینان حاصل ہوگا


Editorial November 08, 2016
ملک کے کئی شہروں اور دیہی علاقوں میں 18 سے20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا بھی ریکارڈ قائم ہوا تھا۔ فوٹو: فائل

KARACHI: بجلی بحران کے ستائے عوام کے لیے یہ کتنی بڑی خوشخبری ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں 50 فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اگر اس اعلان پر اس کے الفاظ و روح کے مطابق عمل کیا جائے تو نہ صرف ریلیف اور لوڈ شیدنگ سے بلبلائے ہوئے عوام کو ذہنی سکون اور قلبی راحت مل سکے گی بلکہ تعلیمی عمل بحال ہوگا، ملک کے تجارتی و برآمدی شعبے فعال ہوجائیں گے۔

دوسری جانب صنعتی اور گھریلو صارفین کو اس اعلان سے یک گونا اطمینان حاصل ہوگا، شہری و دیہی عوام کے لیے یہ جاں فزا خبر ہے۔ تاہم شرط یہ ہے کہ وزیراعظم کے اس اعلان کو نوکر شاہی عارضی ریلیف میں نہ بدل دے، یا اسے کسی سیاسی فائدہ سے مشروط نہ کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف سے پانی و بجلی کے وزیر خواجہ آصف نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم کو ملک بھر میں جاری لوڈ شیڈنگ سے متعلق آگاہ کیا جب کہ اس موقع پر وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے شہروں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 3 گھنٹے جب کہ دیہی علاقوں میں 4 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کرنے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے سیکریٹری پانی و بجلی کو فیصلے پر عملدرآمد کا ٹاسک سونپ دیا ہے اور پہلے مرحلے میں آزمائشی بنیادوں پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ موجودہ حکومت نے اگرچہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے گیس و بجلی کے حصول کے لیے کئی منصوبوں پر پیش رفت کی ہے ۔ وزیراعظم کے اس اعلان سے بجلی کی کم وصولی والے علاقے لوڈشیڈنگ میں کمی کا فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ آن لائن کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے لوڈ شیڈنگ کو نصف کرنے کا فیصلہ بجلی کی طلب کم ہونے کی وجہ سے کیا گیا ہے جب کہ منگل سے شہروں میں تین گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 4گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جائے گی۔

گذشتہ حکومتوں نے توانائی شعبے کو نظر انداز کرنے اور بجلی کی پیداوار سے پہلو تہی کرکے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی خسارہ میں مبتلا کیا، ملک کے کئی شہروں اور دیہی علاقوں میں 18 سے20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا بھی ریکارڈ قائم ہوا تھا، ان علاقوں میں بجلی کی معطلی ہولناک رہی ہے جہاں لوگ بل ادا نہیں کرتے اور کنڈا سسٹم عام ہے۔ ایک اطلاع کے مطابق کراچی الیکٹرک اب چینی کمپنی کے تصرف میں آنے والی ہے، جس سے توقع پیدا ہوگئی ہے کہ ملک کے سب سے بڑے تجارتی اور کاروباری شہر اور اقتصادی حب میں بجلی کی فراہمی میں باقاعدہ آجائے گی اور عوام کو لوڈ شیڈنگ میں پچاس فی صد کمی سے سکون ملے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں