شاعرمشرق علامہ اقبال کا139واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

شہر بھر میں تقریبات ہونگی،علامہ اقبال کو قومی خدمات پرخراج عقیدت پیش کیا جائیگا

علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کی جان، مال عزت و آبرو کے تحفظ کیلیے ایک علیحدہ ملک پاکستان کاخواب دیکھا تھا۔ فوٹو: فائل

مفکر پاکستان شاعرمشرق ڈاکٹر علامہ محمداقبال کا 139واں یوم پیدائش آج( بدھ) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

مختلف جماعتوں کے تحت شہر بھر میں تقریبات منعقد ہوں گی جن میں علامہ اقبال کو ان کی قومی خدمات پر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ، علامہ اقبال نے 9 نومبر1877کو سیالکوٹ میں آنکھ کھولی اور ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر میں حاصل کی، پھر لاہور کا رخ کیا، 1899 میں ایم اے کرنے کے بعد اورینٹل کالج میں شعبہ درس و تدریس سے وابستہ ہوگئے اور اس دوران شاعری بھی جاری رکھی، علامہ اقبال 1905ء میں برطانیہ چلے گئے جہاں پہلے انھوں نے کیمبرج یونیورسٹی کالج میں داخلہ لیا اور پھر معروف تعلیمی ادارے میں وکالت کی تعلیم لینا شروع کردی بعد ازاں وہ جرمنی چلے گئے جہاں میونخ یونیورسٹی سے انھوں نے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔


ڈاکٹر محمد اقبال نے 1910ء میں وطن واپسی کے بعد وکالت کے ساتھ سیاست میں بھی حصہ لینا شروع کیا اور اپنی شاعری کے ذریعے فکری اور سیاسی طور پر منتشر مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا، 1934کو مسلم لیگ کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے رکن بنے تاہم طبیعت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور وہ قیام پاکستان سے 9برس قبل 21اپریل 1938کو لاہور میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے، علاوہ ازیں پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام مصور پاکستان،عظیم مفکر، شاعر علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات ہونگی۔

اس سلسلے میں پاکستان عوامی تحریک کراچی کے زیر اہتمام مرکزی سیمینار اقبال کا خواب اور آج کا پاکستان،آج(بدھ کو) شام 6بجے ڈویثرنل سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں ہو گا،ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے یوم اقبال کے موقع پرکہا ہے کہ نظریہ پاکستان کی بحالی کیلیے ''روح پاکستان'' کو دوبارہ بیدارکرنا ہوگا، علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کی جان، مال عزت و آبرو کے تحفظ کیلیے ایک علیحدہ ملک پاکستان کاخواب دیکھا تھا جسے حکمرانوں نے چکناچور کردیا۔

 
Load Next Story