صوبے میں عوام کے فلاح کی متعدد اسکیموں کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا رہا ہےشہبازشریف

صوبے کے عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہمارا مشن ہے،وزیراعلیٰ پنجاب

صوبے کے عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہمارا مشن ہے، وزیراعلیٰ پنجاب فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہواجس میں صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے جاری ترقیاتی پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔


وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت صوبے بھر میں عوام کے فلاح کی متعدد اسکیموں کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے، اربوں روپے کے فلاحی پروگراموں سے صوبے کے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے،پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد کم وسیلہ خاندانوں کے ہونہاربچے اور بچیاں تعلیمی پیاس بجھارہے ہیں، دانش اسکول سسٹم کے ذریعے بھی انتہائی غریب گھرانوں کے بچوں کو مفت معیاری تعلیمی سہولیات حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع آمد و رفت کی بہتری کے منصوبوں سے شہریوں کو ریلیف مل رہا ہے، معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے بھی کئی ایک منصوبے مکمل کئے گئے ہیں، وسائل قوم کی امانت ہیں اور یہ عوام کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی پر شفاف طریقے سے صرف کئے جا رہے ہیں،خود روزگار سکیم کے تحت اب تک اربوں روپے کے بلا سود قرضے نوجوانوں کو فراہم کئے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے کے عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہمارا مشن ہے اورترقیاتی حکمت عملی کے تحت صوبے کی ترقی کے لئے میگا پراجیکٹس مکمل کئے گئے ہیں، عوام کو بہتر سے بہتر سہولتو ں کی فراہمی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
Load Next Story