عمران خان کے بعد اب بلاول کا لب ولہجہ بھی غیرشائستہ ہوگیا ہے خواجہ سعد رفیق

دھرنا پارٹ ون کے بعد پارٹ ٹو بھی بری طرح ناکام ہوگیاہے، سعد رفیق


ویب ڈیسک November 09, 2016
دھرنا پارٹ ون کے بعد پارٹ ٹو بھی بری طرح ناکام ہوگیاہے، سعد رفیق۔ فوٹو : فائل

KARACHI: وفاقی ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان کے بعد بلاول بھٹو کا لب ولہجہ بھی ناشائستہ ہوچکا ہے ہمیں اپنے لب ولہجہ میں شائستگی لانے کی ضرورت ہے جب کہ بدقسمتی سے ہمارا سامنا ایسی اپوزیشن سے ہے جوخلفشار پر یقین رکھتی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کے بعد بلاول بھٹو کا لب ولہجہ بھی ناشائستہ ہوچکا ہے ہمیں اپنے لب ولہجہ میں شائستگی لانے کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی کا سوائے گالیوں اور بے ہودہ الزامات کے کوئی کام نہیں جب کہ جولوگ باپ تک پہنچ جاتے ہیں انہیں جانناچاہئے کہ ان کا اپنا پیکج بہت بڑا ہے، ہم نے کبھی عمران خان کے والد کے بارے میں بات کی نہ کریں گے اس سے تکلیف ہوتی ہے کیونکہ ان کے والد غیر سیاسی آدمی تھے اور وہ اب دنیا میں موجود نہیں۔ پنجاب میں آکر بلاول بھٹوہمارا کام آسان کررہے ہیں تاہم پیپلزپارٹی کی قیادت کو کراچی کا کچرا اٹھانے اور سندھ کو کھنڈرات سے بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہمارا سامنا ایسی اپوزیشن سے ہے جوخلفشار پر یقین رکھتی ہے، ہمارے خلاف سازشوں کے باوجود پی ٹی آئی کاکچھ نہیں بننے والا کیونکہ دھرنا پارٹ ون کے بعد پارٹ ٹو بھی بری طرح ناکام ہوگیا ہے لہذا عمران خان احتجاجی سیاست کے بجائے ڈیڑھ سال اپنے صوبے کی طرز حکمرانی پر توجہ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنڈی والا شخص بار بار گالیاں دیتا ہے تاہم گالیاں دے کر، اونچی تقریریں کر کے ووٹر کو راغب نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ووٹر مولا جٹ کی بڑھک کو پسند تو کرتا ہے لیکن ووٹ نہیں دیتا۔

لانڈھی ٹرین حادثے کی تحقیقات سے متعلق وزیر ریلوے کہا کہ ڈرائیورز کے مطابق ان کی نظروں کے سامنے اندھیرا آ گیا تھا جب کہ صبح کے ساڑھے سات بجے کونسا اندھیرا تھا، دونوں ڈرائیورز کی آنکھوں کے سامنے اکھٹا اندھیرا چھانا سوالوں کو جنم دیتا ہے، ہوسکتا ہے دونوں گفتگو کر رہے ہوں، یا ایسے مصروف ہوں کہ انھوں نے نہ سگنل دیکھا اور نہ ٹرین کی رفتار کم کی تاہم ڈرائیور اور اسسٹنٹ کیا کر رہے تھے اس کی تحقیقات کر رہے ہیں اور اب ہم نے انجنوں کے اندر کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |