دورہ بھارت پلیئرز نجی تقاریب میں شریک نہیں ہوں گے

سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی، رکاوٹ ڈالے جانے کے بیانات سے فرق نہیں پڑتا، منیجر


Sports Reporter December 18, 2012
بھارت سے سیریزمشکل اور حساس ہے، تمام کھلاڑی ہر حالات کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہیں، نوید چیمہ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو دورئہ بھارت کے دوران نجی تقاریب میں شرکت سے روک دیا۔

ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ کا کہنا ہے کہ پلیئرز صرف آفیشل ڈنر یا تقریب میں ہی شرکت کر سکیں گے، سیریز کے انعقاد میں رکاوٹ ڈالے جانے والے بیانات سے کوئی فرق نہیں پڑتا، مقابلوں کا انعقاد شیڈول کے مطابق ہوگا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں قومی ٹیم کے پریکٹس میچ کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت کا دورہ کرنے والی پی سی بی کی5 رکنی ٹیم نے سیکیورٹی، لاجسٹک اور دیگر سہولتوں کے جائزے پر مبنی رپورٹ پیش کر دی جس میں تمام انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا گیا ہے،انھوں نے واضح کیا کہ کسی کے بیانات سے پاک بھارت سیریز نہیں رک سکتی، مقابلے شیڈول کے مطابق ہونگے۔

1

ایک سوال پر انھوں نے بتایا کہ قومی ٹیم کو دورہ بھارت کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھنے کے بارے میں مکمل بریفنگ دیتے ہوئے بتا دیا گیا کہ ڈسپلن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، کھلاڑی دورے کے دوران صرف آفیشل ڈنر یا تقاریب میں شریک ہونگے، انھیں اس بات کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی کہ وہ پرائیوٹ سطح پر ہونے والی تقاریب کا حصہ بنیں۔

ایک اور سوال پر نوید چیمہ نے کہا کہ بھارت سے سیریزمشکل اور حساس ہے، تمام کھلاڑی ہر حالات کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تیاریوں کیلیے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سہ روزہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں کھلاڑیوں نے جم ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کی،اب ٹوئنٹی20اورون ڈے ٹیم کے کھلاڑیوں پر مشتمل 2 ٹیمیں بناکر میچ پریکٹس کرائی جا رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں