سری لنکا شکست کی گہری کھائی کے دہانے پر پہنچ گیا

ہوبارٹ میں ریکارڈ 393 کے تعاقب میں 65 پر اوپنرز رخصت، مہمان ٹیم کو جیت کیلیے 328 رنز، میزبان کو 8 وکٹیں درکار

ہوبارٹ ٹیسٹ: چوتھے دن سری لنکن وکٹ کیپر پرسنا جے وردنے کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہونے والے آسٹریلوی بیٹسمین شین واٹسن مایوسی سے وکٹوں کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

ہوبارٹ ٹیسٹ میں سری لنکا شکست کی گہری کھائی کے دہانے پر پہنچ گیا،ریکارڈ393کے تعاقب میں ٹیم65 رنز پر اوپنرز کی خدمات سے محروم ہو گئی۔

آخری روز اسے جیت کیلیے328 رنز اور میزبان کو 8 وکٹیں درکار ہوں گی، کینگروز نے دوسری اننگز میں اوپنرز کوان، وارنر اور کلارک کی نصف سنچریوں کی بدولت 278 رنز بنائے، ہیراتھ نے5وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق چوتھے روز ابتدائی سیشن میں آسٹریلوی اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور ایڈکوان نے سری لنکن بولرز کو خوب پریشان کیا، دونوں کے درمیان132 رنز کی شراکت ہوئی تاہم پھر لنچ سے آدھے گھنٹے قبل چلتے بنے،وارنر نے ہیراتھ کو چھکے کے بعد سوئچ ہٹ پر چوکا رسید کیا مگر اسپنر نے جلد ہی حساب چکتا کردیا۔

کیرم بال بیٹ کے کنارے کو چھوتی ہوئی وکٹ کیپر پرسناکے گلوز میں محفوظ ہوئی، وارنر نے 68 رنز اسکور کیے، کوان (56) بھی جلد ساتھی سے جا ملے، چناکا ویلیگیدرا کی گیند سوئنگ ہو کر پہلے پیڈاور پھر وکٹ سے جا ٹکرائی، واٹسن کو ہیراتھ کی چکمہ دیتی گیندوں نے خوب پریشان کیا،آخرکار وہ دوسرے سیشن کے آغاز میں5 رنز پر اسٹمپڈ ہو گئے۔


ڈیکلیئریشن سے قبل تیزی سے رنز بنانے کیلیے آسٹریلیا نے پانچویں نمبر پر بیٹنگ کیلیے میتھیو ویڈ کو بھیجا،3 اوورز بعد فل ہیوز(16) نے ان سائیڈ ایج پر گیند خود ہی وکٹوں میں پہنچا دی، وکٹ ایرنگا کو ملی، ویڈ کا قیام بھی مختصر رہا اور وہ11 رنز پر ہیراتھ کی گیند کولاسیکرا کے ہاتھوں میں پہنچا کر چلتے بنے، کلارک(57) کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بعد پیٹر سڈل (4) اور مچل اسٹارک (5) کو ویلیگیدرا نے میدان بدر کر دیا، ہیراتھ نے لیون (11) اورہلفنہاس (صفر) کی وکٹوں کا جشن منایا، اسی کیساتھ 73.5 اوورز میں آسٹریلیا کی دوسری اننگز کا 278 رنز پر اختتام ہوگیا۔



مائیک ہسی31 پر ناٹ آئوٹ رہے، ہیراتھ نے 96 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، سال میں ان کی وکٹوں کی تعداد60 ہو چکی ہے، ویلی گیدرا نے 3 وکٹوں کیلیے 89 رنز دیے۔ سری لنکا کو فتح کیلیے393 کا مشکل ترین ہدف ملا اور اس نے صرف 65 رنز پر اوپنرز کی وکٹیں گنوا دیں، ہلفنہاس کی انجری کے سبب بولنگ کا تمام تر بوجھ اٹھانے والے واٹسن نے اپنی پہلی ہی گیند پر تلکارتنے دلشان کو بولڈ کر دیا، پہلی اننگز میں147 رنز بنانے والے بیٹسمین نے اس بار 5 کے اسکور پر وکٹ کیپر ویڈ کو کیچ تھمایا۔

دیموتھ کرونارتنے (30) کی آف اسٹمپ اسٹارک کی زبردست یارکر نے اکھاڑ پھینکی، انجری کے باوجود کلارک میدان میں قیادت کرتے دکھائی دیے مگر انھوں نے3 کے اسکور پر سلپ میں سنگاکارا کا کیچ ڈراپ کر دیا، بدقسمت بولر لیون تھے،لیفٹ ہینڈر18اور مہیلا جے وردنے 5 پر ناٹ آئوٹ رہے،کپتان نے پہلا رن 25 ویں گیند پر بنایا،دونوں سینئر پلیئرز آخری روز مہمان سائیڈ کی امیدوں کا محور ہونگے۔

Recommended Stories

Load Next Story