مہندرا دھونی کو کپتانی سے ہٹانے کا مطالبہ زور پکڑگیا

سلیکٹرز مستقبل کو دیکھیں (گاوسکر) بطور پلیئر زیادہ اچھا پرفارم کرینگے، سری کانت


Sports Desk December 18, 2012
کپتان نے ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کا ذمہ دار بیٹسمینوں وفاسٹ بولرز کو قرار دے دیا۔ فوٹو : اے ایف پی / فائل

ISLAMABAD: انگلینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کے بعد مہندرا سنگھ دھونی کو کپتانی سے ہٹانے کا مطالبہ زور پکڑگیا، سابق کپتان سنیل گاوسکر کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز کو مستقبل کی جانب دیکھنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ناگپورٹیسٹ کے چوتھے روز تک مجھے دھونی کا کوئی متبادل دکھائی نہیں دے رہا تھا، مگر ویرت کوہلی نے جس طرح مشکل صورتحال میں سنچری اسکور کی اس سے ایک بہترین پہلو سامنے آگیا،وہ قیادت کا بوجھ اٹھانے کیلیے تیار ہے۔ سابق چیف سلیکٹرسری کانت نے کہا کہ دھونی کو اس وقت سمجھ میں ہی نہیں آرہا کہ جب معاملات کنٹرول سے باہر ہورہے ہوں توانھیں کیسے سنبھالنا ہے، انھیں اب مزید ٹیسٹ کپتان برقرار نہیں رکھنا چاہیے ، وہ قیادت کے بوجھ سے آزاد ہوکر بطور وکٹ کیپر بیٹسمین زیادہ اچھا پرفارم کرپائینگے۔

4

دریں اثنا دھونی نے انگلینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کا ذمہ دار بیٹسمینوں اور فاسٹ بولرز کو قرار دیدیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمیں بیٹنگ اور فاسٹ بولنگ میں مشکل کا سامنا رہا جبکہ اسپنرز نے اپنا کام بخوبی انجام دیا، انھوں نے کہا کہ دونوں بولنگ اٹیک میں واضح فرق جیمز اینڈسن ثابت ہوئے جنھوں نے فاسٹ بولرز کیلیے عدم موافق ٹریکس پر بھی عمدہ بولنگ کی۔

دھونی انگلینڈ کے خلاف اپنی حکمت عملی کی ناکامی کے بارے میں واضح جواب نہیں دے پائے، انھوں نے کہا کہ جب آپ ایسی وکٹوں پر کھیلیں جو آغاز سے ہی ٹرن کرنے لگتی ہیں تب پھر اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے،ایک دو وکٹیں گرنے سے باقی ٹیم دبائو میں آجاتی ہے، انگلینڈ نے ہم سے زیادہ بہتر انداز میں دبائو کا سامنا کیا۔ دوسری جانب انگلش کپتان کک کا کہنا ہے کہ یہ میرے لیے ایک خصوصی دن اور سیریز ہے، احمد آباد ٹیسٹ میں بڑی شکست کے بعد ہمارے کھلاڑیوں نے مثبت جواب دیتے ہوئے بہترین کھیل پیش کیا یہ بطور کپتان میرا پہلا ٹور تھا اور میں اپنے پلیئرز سے زیادہ اور کچھ نہیں مانگ سکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں