شام امریکی فضائی حملے میں خواتین بچوں سمیت 20 شہری ہلاک 32 زخمی

شہر الرقہ کے گاؤں الہشا میں رات گئے بمباری کی گئی، مرنے والوں میں9 خواتین،2 بچے ہیں، مبصر گروپ

روسی طیارہ بردار بحری بیڑا حلب کو نشانہ بنا سکتاہے، انٹر فیکس کی رپورٹ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

شام کے شہر الرقہ میں امریکی اتحادی فضائیہ کی بمباری کے نتیجے میں20 شہری ہلاک ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی اتحادیوں نے اس علاقے میں فضائی حملے کی تصدیق کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ حملے میں شہریوں کی ہلاکت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ شام میں انسانی حقوق کیلیے کام کرنے والے برطانوی مانیٹرنگ گروپ کا کہنا ہے کہ الرقہ کے شمالی علاقے میں الہشا گاؤں میں رات گئے ہونے والی امریکی طیاروں کی بمباری میں درجنوں شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اتحادی فورسز نے الرقہ میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر رکھا ہے اور ابھی مزید جھڑپیں جاری ہیں۔ مانیٹرنگ گروپ کے چیف رامی عبدالرحمن نے بتایا کہ فضائی حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے جس میں 9 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں، فضائی کارروائی میں 32 افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ ہلاک ہونے والے تمام افراد عام شہری تھے۔ خیال رہے کہ الہشا گاؤں پر داعش قابض ہے اور حال ہی میں امریکی اتحاد میں شامل مقامی فورسز نے اس علاقے پر حملہ کیا ہے۔


امریکی اتحاد کے ترجمان کرنل جان دورین نے بتایا کہ ابتدائی جانچ سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں فضائی کارروائی ہوئی ہے، واقعے میں شہریوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں، تاہم واقعے کہ ذمے داروں کے تعین کیلیے مزید تفتیش کی ضرورت ہے۔ کردش عرب اتحاد کی خاتون ترجمان جیہان شیخ احمد نے حملے میں شہریوں کی ہلاکت کو مسترد کیا ہے۔

دوسری طرف اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے امکانات پر تشویش کا اظہارکیا ہے۔ بانکی مون نے سلامتی کونسل کو کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی عائد کرنے والی تنظیم کی رپورٹ کے حوالہ سے ایک خط پیش کیا۔

 
Load Next Story