کیویز سے سیریز پاکستانی ہتھیاروں کی جانچ کا وقت قریب

نیوزی لینڈ اے سے تین روزہ ٹور میچ کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا واحد موقع


Sports Desk November 10, 2016
موزوں فاسٹ اٹیک کے انتخاب پر ہیڈ کوچ سوچ بچار میں مصروف،تیاریاں زوروشور سے جاری۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD: کیویزکیخلاف سیریز سے قبل پاکستانی ہتھیاروں کی جانچ کا وقت قریب آگیا، گرین کیپس ٹیسٹ سیریز سے قبل 'فل ڈریس ریہرسل' کریں گے، نیوزی لینڈ اے سے تین روزہ ٹور میچ جمعے کی صبح شروع ہوگا، کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا واحد موقع ہونے کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ کے ممکنہ کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا جائے گا، بیٹنگ لائن اپ میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں، موزوں فاسٹ اٹیک کے انتخاب پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر سوچ بچار میں مصروف ہیں، یاسر شاہ خاص طور پر میزبان ٹیم مینجمنٹ کی توجہ کا مرکز ہونگے، گذشتہ روز بھی پاکستانی ٹیم کی تیاریاں زوروشور سے جاری رہیں، موسم خوشگوارہونے پر پورے تین گھنٹے پریکٹس کی، فزیکل فٹنس، فیلڈنگ، بیٹنگ اور بولنگ پر خاص توجہ دی گئی۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ نے آخری لمحات میں اے ٹیم میں مزید2 کھلاڑیوں کوشامل کردیا، کائل جیمیسن اور لیوک ووڈ کاک کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم دورئہ نیوزی لینڈکا باقاعدہ آغاز میزبان اے ٹیم کیخلاف سہ روزہ پریکٹس میچ سے کررہی ہے، پاکستانی وقت کے مطابق جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب تین بجے یہ میچ نیلسن میں کھیلا جائیگا جہاں کے موسم کا کوئی اعتبار نہیں ہے، اس کے باوجود گرین کیپس کو پوری امید ہے کہ وہ 2 ٹیسٹ کی سیریز کیلیے کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں کامیاب ہوجائینگے۔

سہ روزہ میچ ٹیسٹ سیریز سے قبل تیاریوں کو جانچنے کا واحد موقع ہے اس لیے پاکستان کی جانب سے اس میں ان کھلاڑیوں کو ہی آزمایا جائیگا جن کے پہلے ٹیسٹ کی الیون میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ خود ہیڈ کوچ مکی آرتھر اس حوالے سے واضح کرچکے کہ وہ ٹور میچ کو کسی تجربے کی نذر نہیں کرینگے۔ اوپنرز سمیع اسلم، اظہر علی، مڈل آرڈر بیٹسمین مصباح الحق اور یونس خان خاص طور پر حریف اے ٹیم کے بولرز کیلیے کڑا امتحان ثابت ہوسکتے ہیں، جنھیں اسد شفیق اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کی بھی سپورٹ حاصل ہوگی، تمام کھلاڑی اپنے دن پر بڑا اسکور بنانے کی صلاحیت سے مالامال ہیں۔

بولنگ اٹیک کے حوالے سے مکی آرتھر واضح سوچ نہیں رکھتے،گرین کیپس کی پیس بیٹری میں لیفٹ آرم پیسرز وہاب ریاض، محمد عامر اور راحت علی کے ساتھ رائٹ آرم سیمرز سہیل خان اور عمران خان موجود ہیں، کوچ موزوں اٹیک کے حوالے سے سوچ بچار کا شکار ہیں، ایک بات یقینی ہے کہ میزبان ٹیم مینجمنٹ کی نگاہیں خاص طور پر لیگ اسپنر یاسر شاہ پر مرکوز ہونگی جو ہر قسم کی کنڈیشنز میں اپنا جادو جگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، 18 ٹیسٹ میں 112 وکٹیں اس بات کا ثبوت ہیں۔

گذشتہ روز نیلسن میں موسم خوشگوار ہونے پر پاکستان ٹیم نے صبح کے سیشن میں 3 گھنٹے بھرپور ٹریننگ کی، مینجمنٹ کے مطابق تمام کھلاڑی مکمل فٹ اور کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کررہے ہیں، ہیڈ کوچ تیاریوں سے مطمئن دکھائی دیتے ہیں، فزیکل فٹنس، فیلڈنگ، بیٹنگ اور بولنگ پر خوب توجہ مرکوز رہی۔

دوسری جانب نیوزی لینڈکی جانب سے آخری لمحات میں مزید2 کھلاڑیوں کو اے ٹیم میں شامل کرلیا گیا، ان میں کینٹربری کے سیمر کائیل جیمیسن اور ویلنگٹن کے آل راؤنڈر لیوک ووڈکاک شامل ہیں، 34 سالہ ووڈ کاک نے حال ہی میں ڈومیسٹک کرکٹ میں 2بہترین اننگز کھیلیں اور120 و203 رنز ناٹ آؤٹ اسکورکیے،21 سالہ رائٹ آرم بولر جیمیسن نے رواں سیزن میں اب تک 13 فرسٹ کلاس وکٹیں لیں جبکہ 11 میچز پر مشتمل کیریئر میں وہ 35 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر چکے ہیں، دونوں کے اضافے سے اسکواڈ ممبران کی تعداد 14 ہوگئی، میدان میں اترنے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کوچ بوب کارٹر کریں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں