پاکستان اسپورٹس بورڈ ایگزیکٹیو کمیٹی کی تشکیل نو

سیکریٹری پی ایچ ایف شہباز احمد سینئر اور صنعتکار عقیل کریم ڈھیڈی بھی شامل


ایگزیکٹیو کمیٹی85 رکنی جنرل باڈی کے فیصلوں کی بھی توثیق کرتی ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کی تشکیل نوکردی گئی، پی ایچ ایف کے سیکریٹری اولمپئن شہباز سینئر اور صنعتکار عقیل کریم ڈھیڈی کو بھی شامل کرلیاگیا، حیرت انگیز طور پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو ادارے کے اہم ترین امور کا فیصلہ کرنے والی18رکنی کمیٹی میں نہیں رکھا گیا۔

انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق ملک میں کھیلوں کے فروغ اور بیرون ملک ہونے والے انٹرنیشنل ایونٹس ودیگر اہم امور کے فیصلے کرنے والی ایگزیکٹیو کمیٹی تحلیل کرکے نئے18 ارکان کی نامزدگی عمل میں لائی گئی ہے، اگلے2 برسوں کیلیے نئی ایگزیکٹیو کمیٹی کے قیام کا سرکاری نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا، اسپورٹس ڈیولپمنٹ اینڈ کنٹرول آرڈیننس مجریہ1962کے تحت کارپوریٹ باڈی کا درجہ رکھنے والے پی ایس بی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیر زادہ ہوں گے۔

پی ایس بی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر گنجریلا بربنائے عہدہ کمیٹی کے سیکریٹری اور رکن ہوں گے، وفاقی وزیر مملکت برائے بین الصوبائی رابط کمیٹی کے سینئر نائب صدر اور رکن ہیں، دیگر نامزد ارکان میں وزارت کے وفاقی سیکریٹری اور جوائنٹ سیکریٹری، وزارت میں کھیلوں کے حوالے سے معاملات دیکھنے والے مشیر مالیات اور پی ایس بی کے مشیر قانون شامل ہیں، مزید براں پی ایس بی سے الحاق رکھنے والی46قومی فیڈریشنز میں سے5 کو بھی ایگزیکٹیو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے، ان فیڈریشنزکے صدور یا سیکریٹری جنرل بطور ارکان مشاورتی اور فیصلہ ساز عمل میں شریک ہوں گے، ان میں پاکستان کبڈی فیڈریشن، پاکستان نیٹ بال فیڈریشن، پاکستان ریسلنگ فیڈریشن، پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن اور پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن شامل ہیں۔

سابقہ ایگزیکٹیو کمیٹی میں شامل پی او اے کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن کو اس مرتبہ بوجوہ زحمت دینے سے اجتناب برتا گیا، سابق قومی کپتان اولمپئن سمیع اللہ خان کی جگہ پی ایچ ایف کے سیکریٹری اولمپئن شہباز سینئر کو کھلاڑیوں کی نمائندگی دیتے ہوئے کمیٹی کا رکن بنایا گیا، علاوہ ازیں سابق خاتون بیڈمنٹن کھلاڑی سارہ محمد کو بھی ذمہ داری سے سبکدوش کرتے ہوئے صنعت کار عقیل کریم ڈھیڈی کوایگزیکٹیو کمیٹی کا رکن بنالیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جون2011 میں وفاقی وزارت کھیل کے تحلیل کیے جانے پر پی ایس بی وفاقی وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ کے زیر انتظام کام کررہا ہے،ایگزیکٹیو کمیٹی85 رکنی جنرل باڈی کے فیصلوں کی بھی توثیق کرتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں