انڈے کی قیمت بلند ترین سطح پر منافع خوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت

ریٹیل سطح پر قیمت130روپے مقرر مگر144روپے فی درجن تک فروخت جاری ،تھوک قیمت میں دو ہفتوں کے دوران 17روپے کا اضافہ ہوا.

پولٹری فارم سے لائے جانے والے انڈوں کی پیٹیوں کوٹرک میں رکھا جارہا ہے ، سردی میں اضافے کے باعث انڈوں کی مانگ میں اضافہ ہوگیاہے۔ فوٹو : ایکسپریس

کنٹرولرجنرل آف پرائسز،کمشنر کراچی انڈے کی قیمت کنٹرول کرنے میں بھی ناکام ہیں، مرغی اور انڈے کی قیمت پر پولٹری فارمرز اور ہول سیلرز کا اختیار ہے اور یومیہ بنیادوں پر انڈے کی قیمت میں اضافہ جاری ہے،شہر بھر میں مرغی کے انڈے خود پولٹری ایسوسی ایشن کی مقرر کردہ قیمت سے بھی 15روپے فی درجن زائد قیمت پر فروخت ہورہے ہیں۔

سردی کی لہر اٹھتے ہی منافع خور سرگرم ہوگئے انڈے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے،سرد موسم میں انڈے کی طلب میں کئی گنا اضافہ انڈے کی قیمت میں بھی اضافے کا سبب قرار دیا جارہا ہے تاہم بیکری مالکان اورانڈے کی ہول سیل کے کاروبارسے وابستہ افراد راتوں رات منافع کمارہے ہیں، پیر کو اعلان کردہ قیمت کے مطابق تھوک سطح پر انڈے کی قیمت 124روپے درجن اور ریٹیل سطح پر 130روپے درجن مقرر کی گئی ہے تاہم شہر بھر میں فارم کے انڈے پہلے ہی144روپے فی درجن تک فروخت کیے جارہے ہیں، انڈے کی تھوک قیمت میں دو ہفتوں کے دوران 16سے 17روپے فی درجن اضافہ ہوا ہے، انڈے کی 30درجن کی پیٹی رواں ماہ کے آغاز پر 3250 روپے میں فروخت کی جارہی تھی جو پیر کو 3740روپے تک پہنچ گئی ہے اس طرح تھوک قیمت 109روپے درجن سے بڑھ کر 125روپے تک پہنچ گئی ہے۔




سندھ پولٹری ایسوسی ایشن نے 18دسمبر کے لیے برائیلر مرغی کی ریٹیل قیمت 166روپے کلو، گوشت (بغیر کلیجی پوٹہ) کی قیمت 282روپے کلو، لیئر مرغی کی قیمت 100روپے کلو اور لیئر مرغی کے گوشت کی قیمت 200روپے کلو مقرر کی ہے، پرائس کنٹرول کے حوالے سے رابطہ کرنے پر شہر میں انڈے مرغی کی قیمت مقرر اور ریگولیٹ کرنیو الے ڈپٹی کمشنر شرقی سمیع صدیقی نے شہر بھر میں مقررہ قیمت سے زائد پر انڈے اور مرغی کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کی ہدایت جاری کردی ہے، ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے سمیع صدیقی نے کہا کہ انڈے اور مرغی کی قیمت کنٹرولر جنرل آف پرائسز مقرر کرتے ہیں جس پر شہر بھر میں عمل درآمد ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔
Load Next Story