فائرنگ سے انسداد پولیو مہم کا رضا کار جاں بحق گڈاپ ٹاؤن میں مہم موخر

سپروائزرعمرفاروق نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑا.

پیرکوگڈاپ ٹاؤن کے یوسی 5میں مہم کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے ڈاکٹر عابد اوران کی پولیو ٹیم کولوٹ لیا. فوٹو: فائل

سہراب گوٹھ کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیورضاکارکوگولی مارکر ہلاک کردیا، کراچی میں پولیو مہم کے پہلے دن گڈاپ ٹائون اور بلدیہ میں نامعلوم مسلح افراد نے موبائل، نقدی اورکاغذات بھی چھین لیے،شہر میں مہم کے دوران وارداتوں کے بعد ڈاکٹروں اور رضاکاروں میں خوف وہراس پھیل گیا،گڈاپ ٹائون میں مہم موخرکردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پیر سے شروع کی جانیوالی تین روزہ انسداد پولیو مہم کے پہلے دن گڈاپ ٹاؤن کے علاقے یوسی4میں یونین کونسل پولیوسپروائزر عمر فاروق سولنگی گوٹھ میں مہم کی مانیٹرنگ کے بعدواپس جارہے تھے راستے میں نامعلوم افراد نے گولیاں ماردیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے، انھیں طبی امداد کیلیے آغاخان اسپتال لایا گیا، فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنرملیر قاضی جان محمد، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر امداد اللہ صدیقی، عالمی ادارہ صحت کے صوبائی سربراہ ڈاکٹر صلاح ، قائم مقام ٹاؤن ہیلتھ افسر ڈاکٹر عبدالشکورعباسی سمیت دیگر متعلقہ حکام اسپتال پہنچ گئے، عمر فاروق دوران علاج چل بسے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی گڈاپ کی مذکورہ یوسی میں پولیومہم کوموخر کردیا گیا جس کی اطلاع عالمی ادارہ صحت کو بھی دیدی گئی،عمر فاروق کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ مقتول گڈاپ ٹاؤن میں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے یونین کونسل پولیو ورکرسپروائزر کے طور پر کام کرتا تھا جس کی عمر 26سال بتائی جاتی ہے۔




پیرکوگڈاپ ٹاؤن کے یوسی 5میں مہم کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے ڈاکٹر عابد اوران کی پولیو ٹیم کولوٹ لیا ،ڈاکٹر عابدکا موبائل اور پولیو مائیکرو پلان بھی چھین لیا جبکہ دوسرا واقعہ بلدیہ ٹاؤن میں پیش آیا، بلدیہ ٹاؤن کے ٹاؤن ہیلتھ آفیسر ڈاکٹرعارف نیاز یوسی 4میں پولیومہم کی مانیٹرنگ کررہے تھے کہ اچانک 2مسلح افراد نے ان کی گاڑی روکی ، موبائل اور پرس جس میں 15ہزار روپے نقدی تھی چھین کر فرار ہوگئے،ملزمان نے ڈاکٹرعارف نیاز کو تشدد کانشانہ بھی بنایا،پولیومہم کے دوران فائرنگ اور لوٹ مار کی وارداتوں نے پولیو رضاکاروںکی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے ، ڈاکٹر عارف نیاز نے واقعے کی اطلاع وزیرصحت ڈاکٹر صغیراحمد، ای ڈی اوہیلتھ کراچی سمیت دیگر متعلقہ افسر ان کودیدی ہے۔

واضح رہے کہ اس قبل گڈاپ کے علاقے میں ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران نامعلوم افراد نے اقوام متحدہ کی پولیو مانیٹرافسرکی یواین نمبر پلیٹ والی گاڑی پر اندھا دھندفائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں عالمی ادارہ صحت کے پولیو کنسلٹنٹ ڈاکٹرفاسٹین اوران کے ہمراہ پاکستانی ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا تھا ،کراچی میںجنوبی و شمالی وزیرستان کی طرز پرکی جانے والی ان کارروائیوں کے بعد عالمی ادارہ صحت کی پولیو ٹیم اوردیگر رضاکاروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جولائی میں گڈاپ ٹاؤن میں گاڑی پر فائرنگ اورایک ڈاکٹراسحاق کو فائرنگ کرکے قتل کیاگیا تھا جس کے بعد پولیومہم میں حصہ لینے والے رضاکاروں اورعالمی ادارہ صحت ویونیسف کے حکام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی ،عالمی ادارہ صحت اوریونیسف کے حکام نے حکومت پاکستان کوموجودہ صورتحال سے آگاہ بھی کیا تھا جس پر متعلقہ پولیس حکام کی جانب سے انھیں تحفظ کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی،گذشتہ پولیو مہم کے دوران کراچی میں بلدیہ ٹاؤن میں عالمی ادارہ صحت اوریونیسف کے حکام نے دھمکیوں کے پیش نظر انسدادپولیومہم کومقررہ وقت سے قبل ہی ختم کردیا تھا۔
Load Next Story