ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ کن اراکین پر مشتمل ہوگی نام سامنے آنے لگے

انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ کا ساتھ دینے والے سرمایہ داروں، تاجروں اور قانون دانوں کو کابینہ کا حصہ بنایا جائے گا


ویب ڈیسک November 10, 2016
انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ کا ساتھ دینے والے سرمایہ داروں، تاجروں اور قانون دانوں کو کابینہ کا حصہ بنایا جائے گا۔ فوٹو: فائل

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حیرت انگیز طور پر کامیابی کے بعد سب کی نظریں اب ان کی کابینہ پر لگی ہیں اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ نئے صدر انتخابی مہم کے دوران اپنا بھرپور ساتھ دینے والوں کو کابینہ میں شامل کریں گے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ انتخابات میں کامیابی کے بعد وائٹ ہاؤس میں اقتدار کی منتقلی سے متعلق بات چیت کے لئے صدر اوباما سے ملاقات کریں گے جب کہ تمام افراد کی نظریں اب ٹرمپ کابینہ پر لگی ہیں اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کا قدم قدم پر ساتھ دینے والے سرمایہ داروں، تاجروں اور قانون دانوں کو کابینہ کا حصہ بنایا جائے گا۔ خاص طور پر 2008 کے انتخابات میں نائب صدر کی امیدوار سارہ پالن نے بھی ٹرمپ کابینہ کا حصہ بننے کے لئے ہاتھ پاؤں چلانا شروع کردیئے جب کہ انتخابی مہم کے دوران انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امیگریشن قوانین سے متعلق دیئے گئے بیانات پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ٹرمپ کے انتہائی قریب سمجھے جانے والے نیویارک کے سابق میئر گولیانی کو اٹارنی جنرل بنائے جانے کا امکان ہے جنہوں نے انتخابی مہم کے دوران ہر موقع پر ٹرمپ کا دفاع کیا جب کہ اس پوزیشن کے لئے نیوجرسی کے گورنر کرسٹی بھی میدان میں ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے نمایاں حامی اور سابق اسپیکر گنگرچ کو وزیرخارجہ بنائے جانے کا امکان ہے۔ 73 سالہ گنگرچ کا تعلق جارجیا سے ہے جو بعض اخلاقی اصولوں کی خلاف ورزی کی بنیاد پر اس وقت اسپیکر کی حیثیت سے مستعفی ہوگئے تھے۔ گنگرچ کو اپنے سخت گیر نظریات کے حامل قدامت پسند رہنماؤں میں شمار کیا جاتا ہے جو ابتدا ہی سے ٹرمپ کے حامی رہے ہیں اور وہ ان کی کابینہ میں وزیرِ خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔

وزیردفاع کے لئے ٹرمپ کے دو قریبی ساتھیوں کے درمیان سخت مقابلہ ہے، سابق قومی سلامتی کے مشیر اسٹیفن ہینڈلے اور سابق سینیٹر جم ٹیلنٹ کو وزیردفاع کا موزوں ترین امیدوار سمجھا جارہا ہے۔ وزیرداخلہ کے لئے ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی تاجر دوست اور امریکا کی سب سے بڑی آئل کمپنی کے مالک لوکاس کو وزارت داخلہ کا منصب دیئے جانے کا امکان ہے۔ 44 سالہ نوجوان دکھنے والے رینس پرائبس ٹرمپ کے مشیر خاص کا عہدہ سنبھال سکتے ہیں۔انھوں نے رپبلکن نیشنل کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے صدارتی امیدوار کی نامزدگی اور پارٹی کے بڑے رہنماؤں کے درمیان روابط قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ پرائبس کانگریس کے اسپیکر پال رائن سے قریب تصور کیے جاتے ہیں جو کانگریس میں مختلف قوانین کی منظوری میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وزیرخزانہ کے لئے ٹرمپ کی نظریں کسی تاجر پر ہیں اور اس دوڑ میں بڑے بڑے تاجر شامل ہیں اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے ٹرمپ کے معاشی مشیر اور ارب پتی سرمایہ کار ولبر روس کو اس عہدے پر بٹھایا جائے گا جب کہ دیگر امیدواروں میں نامور کمپنی اسٹیل میکر کے سی ای او اور ٹرمپ کے تجارتی مشیر ڈین ڈی میکو، سابق ٹیکساس کے گورنر پیری، ریاست آرکنساس کے گورنر مائیک ہک بی اور کرسٹی بھی شامل ہیں۔ وزیرذراعت کے لئے کئی نام زیر گردش ہیں جن میں سب سے موزوں ٹیکساس کے موجودہ وزیرصنعت سڈ ملر کا ہے جب کہ دیگر ناموں میں جارجیا کے سابق گورنرسونی پرڈیو، ٹیکساس کے سابق گورنر رکی پیری، کانسان کے گورنر سیم گراؤن بیک اور دیگر شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔