اپنی ذات سے متعلق کسی بات سے آج تک خوفزدہ نہیں ہواالطاف حسین

توہین عدالت کے نوٹس پر مشاورت کررہا ہوں،علما سپریم کورٹ میں پیش ہوں،اپیل


Express Desk December 18, 2012
توہین عدالت کے نوٹس پر مشاورت کررہا ہوں،علما سپریم کورٹ میں پیش ہوں،اپیل فوٹو : فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ اخبارات میں میرے خلاف سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ توہین عدالت کے نوٹس کا مکمل متن آگیا ہے۔

میں اپنے قانونی ماہرین سے مشورہ کررہا ہوں تاہم میں اپنی ذات کے حوالے سے کسی بات سے آج تک خوفزدہ نہیں ہوا، میں صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی ناراضگی اور اسکے غیض و غضب سے ڈرتا۔ انھوں نے یہ بات آج ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان، تنظیمی شعبہ جات اور آئینی و قانونی ماہرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں اور ہمدردوں نے میرے خلاف توہین عدالت کے نوٹس پر مجھ سے جس طرح محبت و عقیدت کا اظہار کیا اور پر امن مظاہروں اور احتجاج کے ذریعے جس طرح اپنے جذبات کا اظہار کیا اور اس پر میں کارکنوں اور عوام کا دلی شکریہ ادا کرتا ہوں اور انھیں دل کی گہرائیوں سے زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ مجھے اپنے کارکنوں، مائوں، بہنوں، بزرگوں اور بچوں کے جذبات کا بخوبی اندازہ ہے مگر پھر بھی میں آج اپنے کارکنوں، ووٹروں اور ہمدردوں سے یہ رائے مانگ رہا ہوں کہ میں اللہ تعالیٰ کے انصاف پر یقین رکھتے ہوئے آج بھی کڑی آزمائشوں اور کٹھن صورتحال میں جس طرح بھرپور طریقے سے ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کررہا ہوں اس پر اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اس طرح میرے ڈٹ جانے سے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں لہٰذا مجھے تنظیم کی قیادت اور سیاست سے علیحدہ ہوجانا چاہیے تو میں ایم کیو ایم کے ملک بھر کے کارکنان، ووٹروں، ہمدردوں اور چاہنے والوں سے یہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس سلسلے میں مجھے رائے دیں کہ کیا مجھے تحریک کی قیادت اور سیاست چھوڑ دینی چاہیے؟ ایم کیو ایم کے کارکنان، ووٹرز اور ہمدرد عوام ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو یا انٹرنیشنل سیکریٹریٹ پر بذریعہ فون، فیکس یا ایل میل اپنے رائے سے آگاہ کریں تاکہ ان کی رائے مشوروں کو میں رابطہ کمیٹی کے سامنے رکھوں اور عوام کی آرا کی روشنی میں اپنے مستقبل کا صحیح فیصلہ کر سکوں۔

6

الطاف حسین نے کہا ہے کہ میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائخ عظام سے بدست ادب اپیل کرتا ہوں کہ کہ وہ توہین عدالت کی شنوائی کے دن 7 جنوری کو عدالتی کارروائی اور حق و سچ جاننے کیلیے سپریم کورٹ میں پیش ہر کر شکریہ کا موقع دیں۔انھوں نے یہ بھی اپیل کی کہ علمائے کرام ایم کیو ایم کے وکلاء کی ٹیم سے میرے خلاف جاری مقدمے کے اصل حقائق بھی معلوم کرلٰیں تو بڑی عنایت ہوگی۔ متحدہ کے قائد نے پیر کو کراچی کی جامعہ احسن العلوم کے مہتمم مولانا زرولی، ممتاز عالم دین اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن اور متحدہ علما کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی سے بھی فون پر گفتگو کی۔مولانا زرولی نے مساجد، دینی مدارس، علما اور طلبہ کے بارے میں الطاف حسین کے جذبات پر ان کا دلی شکریہ اد ا کیااور کہا کہ آپ کے آبائو اجداد تو خود علماء اور اکابر مفتی تھے، اس رشتے سے بھی مساجد، مدارس اور طلبہ پر آپ کا حق زیادہ ہے۔ دینی مدارس اور طلبہ کیلیے آپ کے جذبات قابل تحسین ہیں، ہم نے آپ کو اپنی توقع سے زیادہ شفیق و مہربان پایا ہے۔ہمیں پوری امید ہے کہ آپ دینی مدارس اور طلبہ پر مشکل وقت میں اپنی شفقت فرمائیں گے۔ مولانا زرولی نے الطاف حسین کیلیے بھی دعا کی کہ خدائی مدد ہمیشہ آپ کی حفاظت کرے، آپ کو شر سے بچائے اور آپ کے مرتبے کو مزید بلند فرمائے۔ مفتی منیب الرحمٰن سے گفتگو میں الطاف حسین نے گذشتہ دنوں اسلام آباد میں غزہ کے عوام سے یکجہتی کانفرنس میں شرکت پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور مفتی منیب کے صاحبزادے کی صحتیابی کیلیے دعا بھی کی۔

مفتی منیب نے الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا اور ان کیلیے دعائیں کیں۔ دریں اثنا الطاف حسین نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ایم کیو ایم شعبہ خواتین کی انچارج و حق پرست رکن قومی اسمبلی کشور زہرا کے آپریشن کو کامیاب کرے اور آپریشن کے بعد انھیں جلد و مکمل صحتیابی عطا کرے۔ الطاف حسین نے جمرود بازار میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظپار کیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ ملک میں بم دھماکے اور دہشت گردی کی مذموم کارروائیوں میں ملوث سفاک دہشت گرد باطل پرست قوتوں کے آلہ کار ہیں اور وہ دہشت گردی کی مذموم کارروائیوں کے ذریعے بے گناہ افراد کا خون بہاکر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے جمرود بازار میں شہید افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا، انھیں صبر کی تلقین کی اور مرحومین کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کی دعا کی۔ الطاف حسین نے صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم راجا پرویز اشرف اور وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک سے مطالبہ کیا کہ جمرود بم دھماکے کا سخت نوٹس لیا جائے، ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور عبرتناک سزا دی جائے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلیے مزید ٹھوس اور مثبت نوعیت کے اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔