بلاول غیر سنجیدہ بچہ ہے جسے سیاست کی الف ب بھی نہیں آتی چوہدری نثار

معلوم نہیں ایک 27 سال کا لاعلم بچہ پیپلز پارٹی جیسی بڑی جماعت کی کیسے قیادت کررہا ہے، وزیر داخلہ


ویب ڈیسک November 11, 2016
انتشار اور تشدد کی سیاست پھیلانے والوں کے لئے ڈکٹیٹر ہوں، چوہدری نثار فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری غیر سنجیدہ بچہ ہے جسے سیاست کی الف ب بھی نہیں آتی۔



اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران چوہدری نثار نے کہا کہ بلاول غیر سنجیدہ بچہ ہے اسے سیاست کی الف ب نہیں آتی، وہ اپنے والد کی عمر کے لوگوں کو الٹے القابات سے نواز رہا ہے۔ بلاول بھٹو کو سندھی کیا اردو بھی نہیں آتی ، ایک ایسا بچہ جو اس ملک کی زبان تک نہیں جانتا اور تقریریں بھی رومن اردو میں لکھ کر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں ایک 27 سال کا لاعلم بچہ پیپلز پارٹی جیسی بڑی جماعت کی کیسے قیادت کررہا ہے، انہیں کچھ لوگوں کا پتہ ہے جو بلاول زرداری کے منہ میں بات ڈالتے ہیں، جلد ہی پیپلز پارٹی سے متعلق ایک تفصیلی پریس کانفرنس کریں گے۔



پرویز خٹک کے قافلے پر شیلنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دھرنے اور مظاہرے کے لئے آنے والوں کو اسلام آباد کے راستے کھلے ملیں گے لیکن تشدد، انتشار اور لاک ڈاؤن کے لئے جو بھی آئے گا اس کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا، وہ انتشار اور تشدد کی سیاست پھیلانے والوں کے لئے ڈکٹیٹر ہیں، اگر وہ حقیقت میں آمر ہوتے تو پرویز خٹک اور ان کی جماعت کو اسلام آباد آنےکی اجازت نہ دیتے۔ افغان مونا لیزا کی گرفتاری پر چوہدری نثار نے کہا کہ شربت گلہ کی جاسوسی سے متعلق خبریں غلط ہیں، اس کے پاس جعلی شناختی کارڈ تھا لیکن وہ جاسوس نہیں تھی، وہ لاچار خاتون تھی اور ہم اس کے پاکستان میں قیام میں توسیع کے لیے تیار تھے۔



چوہدری نثارعلی نے کہا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کے فیصلے میں وہ بھی شامل تھے، عشرت العباد کی اننگز لمبی تھی لیکن اسےایک نہ ایک دن ختم ہونا تھی۔ عشرت العباد کو ہٹانے کے لئے گزشتہ کچھ مہینوں سے سوچ و بچار کیا جارہا تھا، وزیراعظم نے چند ہفتوں پہلے ہی فیصلہ کرلیا تھا لیکن اچھے وقت کا انتظار کیا جارہاتھا۔ یوم اقبال پر تعطیل کے سلسلے میں پیدا ہونے والے ابہام پر چویدری نثار علی خان نے کہا کہ سوشل میڈیا میں جھوٹ اور فریب کا طوفان ہے، پاکستان میں چھٹیوں کی بہتات ہے اور ہمیں کام کی ضرورت ہے، چھٹی دے کر گھر میں بیٹھ کر اقبال ڈے نہیں منایا جاتا، یہ دن اسکولوں میں علامہ اقبال کی فکر پر سیمینار اور پروگرام منعقد کرکے منایا جانا چاہیے، چھٹی کے حوالے سے ایف آئی اے کو جھوٹے نوٹی فکیشن کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔



وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا کو چند کرپٹ لوگوں نے بدنام کیا ہوا ہے، ہمیں پاکستان کی نیشنل ڈیٹابیس اتھارٹی میں کرپٹ اور دو نمبر لوگوں کی ضرورت نہیں،نادرا میں کرپٹ لوگوں کو برداشت نہیں کیا جا سکتا جب کہ آئندہ 6 سے 7 ماہ میں نمایاں بہتری نظر آئے گی۔



اس سے قبل اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ سیاسی و عسکری قیادت کے درمیان ایسی کوئی میٹنگ نہیں ہوئی جس میں موجود نہیں تھا اور کسی بھی میٹنگ میں سول اور ملٹری میں اختلاف تک نہیں ہوا جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور ڈی جی آئی ایس آئی میں تلخ کلامی تو دور آج تک کبھی اختلاف بھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ انگریزی اخبار ''ڈان'' میں چھپنے والی خبر نیشنل سیکیورٹی لیکس نہیں بلکہ جھوٹی خبر تھی تاہم حقائق سامنے لانے کے لیے کمیٹی بنائی جب کہ یہ حساس معاملہ ہے لہٰذا سیاسی مقاصد والے کوئی اور دُکان کھولیں۔



چوہدری نثار نے کہا کہ انگریزی اخبار کے ایڈیٹرسے کہا ہے کہ متعلقہ رپورٹر کو واپس بلایا جائے، ایڈیٹراور متعلقہ رپورٹر سے بھی تحقیقات ہوں گی جب کہ حکومت کی طرف سے کوئی چیز نہیں چھپائی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ 6 ماہ پہلے وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاناما پر سپریم کورٹ انکوائری ٹیم بنا لے لیکن اس معاملے پر تاخیر بھی دھرنے والوں کی وجہ سے ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں