انگریزی اخبارمیں چھپنے والی خبر نیشنل سیکیورٹی لیکس نہیں بلکہ جھوٹی خبرتھی چوہدری نثار

یہ حساس معاملہ ہے لہٰذا سیاسی مقاصد والے کوئی اور دُکان کھولیں، وفاقی وزیر داخلہ

نیوز لیکس قومی سلامتی کا مسئلہ نہیں بلکہ جھوٹی خبر تھی، وفاقی وزیر داخلہ، فوٹو؛ فائل

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈان میں چھپنے والی خبر نیشنل سیکیورٹی لیکس نہیں بلکہ جھوٹی خبر تھی اور یہ حساس معاملہ ہے لہذا سیاسی مقاصد والے کوئی اور دوکان کھولیں۔


اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ سیاسی و عسکری قیادت کے درمیان ایسی کوئی میٹنگ نہیں ہوئی جس میں موجود نہیں تھا اور کسی بھی میٹنگ میں سول اور ملٹری میں اختلاف تک نہیں ہوا جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور ڈی جی آئی ایس آئی میں تلخ کلامی تو دور آج تک کبھی اختلاف بھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ انگریزی اخبار ''ڈان'' میں چھپنے والی خبر نیشنل سیکیورٹی لیکس نہیں بلکہ جھوٹی خبر تھی تاہم حقائق سامنے لانے کے لیے کمیٹی بنائی جب کہ یہ حساس معاملہ ہے لہٰذا سیاسی مقاصد والے کوئی اور دُکان کھولیں۔

چوہدری نثار نے کہا کہ انگریزی اخبار کے ایڈیٹرسے کہا ہے کہ متعلقہ رپورٹر کو واپس بلایا جائے، ایڈیٹراور متعلقہ رپورٹر سے بھی تحقیقات ہوں گی جب کہ حکومت کی طرف سے کوئی چیز نہیں چھپائی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ 6 ماہ پہلے وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاناما پر سپریم کورٹ انکوائری ٹیم بنا لے لیکن اس معاملے پر تاخیر بھی دھرنے والوں کی وجہ سے ہوئی۔
Load Next Story