شاہ خرچ کرکٹ بورڈ ایک کروڑ روپے کیلیے بے چین

رقم امداد میں نہیں بدل سکتے،واپس کی جائے،غریب ہاکی فیڈریشن کو خط ارسال


Sports Reporter November 12, 2016
ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہبازاحمد سینئر کا کہنا ہے کہ یواے ای میں میٹنگز ختم ہونے کے بعد معاملے کا جائزہ لیں گے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: آفیشلز کے لاتعداد ٹورز، غیرضروری ملازمین و دیگر مد میں کروڑوں روپے لٹانے والا شاہ خرچ کرکٹ بورڈ ایک کروڑ کی واپسی کیلیے بے چین ہوگیا، حکام نے غریب ہاکی فیڈریشن کو رقم دینے کیلیے خط لکھ دیا، گورننگ بورڈ اجلاس کے دوران رقم امداد میں بدلنے کی مخالفت کی گئی، ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہبازاحمد سینئر کا کہنا ہے کہ یواے ای میں میٹنگز ختم ہونے کے بعد معاملے کا جائزہ لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین پی سی بی لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیا کے دور میں مالی مشکلات کا شکار پی ایچ ایف کو سڈنی اولمپکس سے قبل2000 میں ایک کروڑ روپے دیے گئے،بعد ازاں بورڈکا اصرار رہا کہ یہ رقم گرانٹ نہیں بلکہ قرض تھی،واپسی کے مطالبے پر مارچ 2011 میں فریقین میں بات چیت چلتی رہی، طے پایا کہ ہاکی فیڈریشن یہ رقم قسطوں میں ادا کردے گی،جنوری 2012 میں 10اقساط بھی مقرر کردی گئیں،حال ہی میں یہ معاملہ ایک بار پھر زیر بحث آیا تو پی ایچ ایف کا موقف تھا کہ قرض کو گرانٹ میں بدل کر واپسی کا مطالبہ نہ کیا جائے۔

گذشتہ دنوں چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے مثبت اشارہ بھی دیدیا تھا کہ گورننگ بورڈ اجلاس میں اس معاملے پر بات ہوئی،وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ امور سے بھی ہدایات طلب کی گئیں، فیصلہ اگلی میٹنگ میں کرینگے، مگر جمعے کو پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کی جانب سے پی ایچ ایف کو لکھے جانے والے خط میں کہا گیاکہ قرض کو گرانٹ میں نہیں بدلا جاسکتا، اس لیے واپسی کا طریقہ کار اور شیڈول طے کیا جائے۔

اس حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے سبحان احمد نے کہا کہ لاہور میں8نومبر کو ہونے والی گورننگ بورڈ میٹنگ میں معاملہ زیر غور آیا جس کے بعد رقم کو امداد کی شکل نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہبازاحمد سینئر کا کہنا ہے کہ یواے ای میں میٹنگز ختم ہونے کے بعد معاملے کا جائزہ لیں گے، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اپنی حکومت کی ہدایت پر آمدنی کا 5 فیصد ہاکی کیلیے دے رہا ہے،اسی کو پیش نظررکھتے ہوئے قرض کو گرانٹ میں بدلنے کی درخواست کردی تھی۔

واضح رہے کہ حال ہی میں صرف چیئرمین پی سی بی شہریارخان کے لندن میں علاج پر ہی 50 ہزار پاؤنڈ ادائیگی اسپتال کو کی گئی تھی، دورئہ انگلینڈ میں آفیشلز کے ٹورز پر بھی کروڑوں روپے خرچ ہوئے تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں