تصادم یا محاذ آرائی نہیں چاہتےکارکن صبر سے کام لیں الطاف حسین

ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر کسی بھی قسم کے تصادم کے لئے اپنی ذات کو ہرگز وجہ نہیں بننے دوں گا۔

کارکن صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے تمام احتجاجی مظاہرے منسوخ کردیں، الطاف حسین . فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ وہ عدلیہ سے تصادم یا محاذ آرائی نہیں چاہتے کارکن صبر سے کام لیتے ہوئے کسی قسم کا احتجاج نہ کریں۔

لندن سے جاری اپنے بیان میں الطاف حسین نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی اور کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سپریم کورٹ کی جانب سے دیئے گئے فیصلے پر صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے تمام احتجاجی مظاہرے منسوخ کردیں اور عدلیہ کے بارے میں کسی بھی قسم کے نامناسب الفاظ ہرگز استعمال نہ کریں۔


الطاف حسین کا کہنا تھا کہ وہ عدالتوں کا وقار مجروح کرنا نہیں چاہتے نہ ہی تصادم یا محاذ آرائی کی راہ اختیار کرنا چاہتے ہیں، 7 جنوری کو سپریم کورٹ میں صرف ایم کیو ایم کے قانونی اور آئینی ماہرین پیش ہوں گے، کارکن اور ذمہ دار اس روز سپریم کورٹ نہ جائیں۔

ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر وہ کسی بھی قسم کے تصادم کے لئے اپنی ذات کو ہرگز وجہ نہیں بننے دیں گے لہذا کارکن صبر سے کام لیتے ہوئے ہر قسم کے احتجاج سے گریز کریں۔

Recommended Stories

Load Next Story