ملتان میں پولیس کی اسکول میں مشقیں والدین دہشتگردوں کا حملہ سمجھ کر پریشان

بوسن روڈ پر واقع نجی اسکول میں پولیس اہلکاروں کی موجودگی کی اطلاع سن کر والدین پریشان ہو گئے


ویب ڈیسک November 14, 2016
پولیس مشقوں کا مقصد دہشت گردی کی صورت حال میں جوانوں کی کارکردگی کو جانچنا تھا، پولیس حکام۔ فوٹو: ایکسپریس

بوسن روڈ پر اسکول میں دہشت گرد حملے کی صورت میں پولیس کی مشقوں سے والدین پریشان ہو گئے اور کئی مائیں روتی ہوئی اسکول پہنچ گئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملتان میں بوسن روڈ پر واقع اسکول میں پولیس اور حساس اداروں کی جانب سے دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے مشق کی جا رہی تھی کہ موقع پر موجود لوگ پولیس کی بھاری نفری، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو دیکھ کر پریشان ہو گئے اور بچوں کے والدین کو فون کر کے اسکول میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع دے دی جس پر کئی والدین اپنے بچوں کے لئے پریشان ہو گئے اور کئی مائیں روتی ہوئی اسکول پہنچ گئیں۔

اسکول پہنچنے پر سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی جانب سے انہیں سمجھانے کی کوشش کی گئی کہ اسکول میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا بلکہ مشقیں ہو رہی ہیں لیکن مائیں جب تک اپنے بچوں سے نہیں ملیں انہیں چین اور قرار نہیں ملا۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسکول انتظامیہ کو پہلے سے مشقوں سے متعلق آگاہ کر دیا گیا تھا اور ان مشقوں کا مقصد دہشت گردی کی صورت حال میں پولیس کی کارکردگی کو جانچنا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مشق کے دوران جوانوں کی کارکردگی کو جانچنے کے لئے اس طرح کی صورت حال خود سے پیدا کی جاتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں