گرین پاکستان پروگرام8 ماہ بعد بھی شروع نہ ہو سکا

وفاقی بجٹ میں مختص شدہ ایک ارب روپے میں سے اب تک کوئی رقم جاری نہیں کی گئی

وفاقی بجٹ میں مختص شدہ ایک ارب روپے میں سے اب تک کوئی رقم جاری نہیں کی گئی فوٹو؛ایکسپریس نیو/فائل

وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ملک بھر میں 10کروڑ نئے پودے لگانے کیلیے منظور شدہ وزیراعظم گرین پاکستان پروگرام 8 ماہ کا طویل عرصہ گزرنے کے بعد بھی تاحال شروع نہ ہو سکا۔


اس منصوبے کیلیے رواں مالی سال2016-17 کے وفاقی بجٹ میں مختص شدہ ایک ارب روپے میں سے اب تک کوئی رقم جاری نہیں کی گئی، دستاویز کے مطابق حکومت نے وزیراعظم گرین پاکستان پروگرام کیلیے ابتدائی طور پرکل5 ارب روپے جاری کرنے کا اعلان کیا تھا اور یہ بھی کہا گیا تھا کہ اس منصوبے کیلیے 50 فیصد فنڈنگ صوبے کریں گے، دستاویز میںکہا گیا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کیلیے رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں گرین پاکستان پروگرام سمیت 3 منصوبوں کیلیے مجموعی طور پر1 ارب 2 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے۔

جس میں سے اب تک محض ایک کروڑ 8 لاکھ روپے ہی جاری کیے گئے، دستاویز کے مطابق گزشتہ ہفتے سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی اجلاس میں وزیراعظم گرین پاکستان منصوبے کیلیے مجموعی طور پر3 ارب 70 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی جس میں سے 2 ارب روپے وفاقی حکومت کوجاری کرنے ہیں جبکہ باقی1ارب 70 کروڑ روپے تمام صوبائی حکومتیں فراہم کریں گی۔
Load Next Story