محمد وسیم فلپائنی باکسرسے مقابلے کے لیے تیار

27 نومبر کو فائٹ،ورلڈ چیمپئن گونزالیز کو چیلنج کرنے کا منصوبہ ہے،ایجنٹ


نتاشا راحیل November 15, 2016
27 نومبر کو فائٹ،ورلڈ چیمپئن گونزالیز کو چیلنج کرنے کا منصوبہ ہے،ایجنٹ ۔ فوٹو : فائل

SYDNEY: ورلڈ باکسنگ کونسل (ڈبلیو بی سی) سلور فلائی ویٹ چیمپئن پاکستانی محمد وسیم فلپائن کے جائمیل مگرامو سے27نومبر کو فائٹ کیلیے تیار ہیں، وہ اس سلسلے میں17نومبر کو جنوبی کوریا جائیںگے۔

ان کے ایجنٹ اینڈی کم نے اس کا انکشاف ''ایکسپریس ٹریبیون'' سے بات چیت میں کیا، محض چوتھی پروفیشنل فائٹ میں سلور فلائی ویٹ کراؤن اپنے نام کرنے والے محمد وسیم2015 میں پرفیشنل باکسر بننے کے بعد سے اپنے کیریئر سے صحیح معنوں میں لطف اندوز ہورہے ہیں، ان کے ایجنٹ کم کو یقین ہے کہ 29سالہ باکسر رینکنگ میں اپنے سے بہتر مدمقابل مگرامو کیلیے سخت حریف ثابت ہونگے، کم نے کہا کہ وسیم کو یہ فائٹ جیتنے میں کسی مشکل کا سامنا نہیں ہوگا، وہ کافی عرصے سے بہترین فارم میں ہیں، سخت ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ورلڈ رینکنگ میں65ویں پوزیشن کے حامل وسیم ڈبلیو بی سی سپر فلائی ویٹ کراؤن کیلیے نیکارا گوا سے تعلق رکھنے والے پروفیشنل باکسر رومن گونزالیز کو چیلنج کرنے کا منصوبہ بنائے ہوئے ہیں، اس وجہ سے انھیں ورلڈ چیمپئن سے مقابلے کیلیے اپنی پروفائل بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

عالمی درجہ بندی میں 14رینکڈ مگرامو اور ڈبلیو بی سی باؤٹس میں اب تک اپنے تمام17مقابلوں میں ناقابل شکست رہنے والے باکسر ان تقاضوں پر پورا اترتے ہیں کہ انھیں زیر کرکے ورلڈ چیمپئن کو چیلنج کیا جائے، اپنے17میں سے 13باؤٹس میں حریف کو ناک آؤٹ کرنے والے مگراموسے میچ کے سلسلے میں اینڈی کم پُریقین ہیں کہ اس بار وسیم حریف کو ناک آؤٹ کردینگے، انھوں نے کہا کہ مگرامو سے ہونے والی فائٹ یقیناًایک جنگ ہوگی لیکن غالب امکان ہے کہ ہم وسیم کو انھیں چھٹے یا ساتویں راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرتاہوا دیکھیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں